مایہ ناز نیزے باز اولمپیئن ارشد ندیم نے 40 برس بعد پاکستان کو اولمپکس گولڈ میڈل دلوا کر پوری قوم کے دل جیت لیے۔ ان کی کامیابی نے جہاں پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا وہیں ان دکانداروں کا کاروبار بھی چمکا دیا جو نیزے (جیولن) فروخت کرتے ہیں۔
راولپنڈی کے راجہ بازار کی اسپورٹس مارکیٹ کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم کی وجہ سے ہمارا بھی کافی فائدہ ہوگیا۔
اب جو آتا ہے کہتا ہے ارشد ندیم والا جیولن دے دیں
دکاندار عارف حسین کا کہنا ہے پہلے عوام میں جیولن کا اتنا رجحان نہیں تھا اور پہلے جہاں دن میں 2 یا 3 جیولن فروخت ہوتے تھے اب ارشد ندیم کی فتح کے بعد 5 سے 6 بک جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کی تھرو سے ترک مٹھائیوں کے برانڈ نے اپنا کاروبار چمکا لیا
عارف حسین نے بتایا کہ جیولن خریدنے اسکول والے بہت زیادہ آرہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے بہت فخر کی بات ہے کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا۔
اسپورٹس کا سامان فروخت کرنے والے محمد حمزہ کا کہنا تھا کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر جیولن کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہو رہا ہے اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں اس کی فروخت میں مزید تیزی آئے گی۔
مزید پڑھیے: ’اگلا پلان مال جمع کرنے کا ہے‘، ارشد ندیم نے مستقبل کے ارادوں سے آگاہ کردیا
محمد حمزہ نے کہا کہ پہلے مہینے میں بمشکل 20 جیولن فروخت ہوتے تھے لیکن اب یہ ہر مہینے سینکڑوں کی تعداد میں بک رہا ہے۔