عمران خان کو حقائق سے بے خبر رکھا جا رہا ہے، ارباب شیر علی

جمعہ 30 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی اور پشاور ضلعے کے سابق صدر ارباب شیر علی اپنی ہی حکومت پر کرپشن کا الزامات لگا کر استعفیٰ دینے والے صوبائی وزیر شکیل خان کی حمایت میں کھل کر میدان میں آ گئے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ارباب شیر علی نے شکیل خان کو ایماندار قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان تک حقائق پہنچ نہیں رہے اور انہیں سچ سے بے خبر رکھا جا رہا ہے۔

ارباب شیر علی نے بتایا کہ پارٹی کے اندر اختلافات ہیں جو ہر جمہوری پارٹی میں ہوتے ہیں بس فرق یہ ہے کہ ہمارے اختلافات کی باتیں باہر آ جاتی ہیں جبکہ دوسروں کی نہیں آتیں۔

ارباب شیر علی کو ضلعی صدرات سے کیوں ہٹایا؟

ارباب شیر علی نے بتایا انہیں ہٹانے کی کسی نے کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم انہیں لگ رہا ہے کہ شاید ان پر ورک لوڈ اور پریشر کو کم کرنے کے لیے وہ فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں پارٹی کا فیصلہ تسلیم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ دن پہلے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدرات پارٹی قومی و صوبائی اسمبلی اراکین کا اجلاس ہوا تھا جس میں مختلف امور پر بات ہوئی تھی۔

ارباب شیر علی نے بتایا کہ اجلاس میں تحریری عہد نامہ بھی پیش کیا گیا تھا جس میں حکومت، وزیر اعلیٰ، عمران خان اور گڈ گورننس کمیٹی پر اعتماد کے لیے اس پر دستخط کرنے کا کہا گیا جس کی انہوں نے مخالفت کی اور گڈ گورننس کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوری پارٹی ہے اور انہیں اختلاف اور اظہار رائے کا حق ہے جو انہوں نے کھل کر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’کسی کو اچھا لگے یا برا جو سچ ہے وہ تو بولوں گا اور اجلاس میں بھی وہی کہا جو مجھے درست لگا‘۔

اجلاس کے کچھ دن ہی ارباب شیر علی کو ضلعی صدرات سے ہٹا دیا گیا تھا جبکہ ایم این اے عاطف خان کو ڈویژن سے ہٹا دیا گیا تھا۔ عاطف خان نے اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی اور شکیل خان کے حق میں بولے تھے۔

عمران خان تک سچ اور سچے لوگوں کی رسائی نہیں ہے

ارباب شیر علی نے کھل کر بتا دیا کہ بانی چئیرمین عمران خان کو سچی باتیں اور معاملات سے کوئی آگاہ نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی ان تک رسائی ہے وہ انہیں حقیقی صورت حال سے آگاہ نہیں کرتے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ پوری پارٹی میں شکیل خان کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہ عمران خان کے سب سے زیادہ وفادار ہیں اور ایماندار بھی ہیں لیکن ان کی شکایات کو کوئی سننے کو تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک وزیر کے محکمے میں سیکریٹری کہاں سے آتا ہے وزیر کو پتا تک نہیں ہوتا اور وزیر کی بات بھی نہیں مانی جاتی جو زیادتی ہے۔

’عمران خان تک سچائی پہنچانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے‘

ارباب شیر علی نے کہا کہ وہ پارٹی اور عمران خان کے ساتھ ہیں اور جہاں پر غلطی اور ناانصافی ہو گی وہ کھل کر بولیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورت حال میں پارٹی کے کچھ وفادار دوستوں نے مل کر سچائی عمران خان تک پہنچانے کی کوششیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کسی ساتھی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ ساتھی مل کر عمران خان سے جیل میں ملاقات کی کوشش کریں گے تاکہ انہیں حقیقت سے آگاہ کیا جا سکے۔

ارباب شیر علی کون ہے؟

ارباب شیر علی کا تعلق پشاور کے بااثر ارباب خاندان سے ہے اور ان کا شمار بانی چئیرمین عمران خان کے با اعتماد ساتھیوں میں ہوتا ہے۔

وہ ایک عرصے سے پی ٹی آئی ضلع پشاور کے صدر تھے اور کٹھن حالات میں بھی پارٹی کے ساتھ رہے اور انتخابات 2024 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp