بھارتی آف اسپنر روی چندرن ایشون ان دنوں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ایشون 100 ٹیسٹ میچوں میں 516 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ مستقبل میں بھارتی ٹیم میں ان سے بھی بہتر آف اسپنر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔
حال ہی میں معروف کرکٹر ویمال کمار کے ساتھ ان کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ایشون نے کہا، ’میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے انیل کمبلے اور ہربھجن سنگھ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، میں آج جو بھی ہوں انہی کی وجہ سے ہوں۔‘
یہ بھی پڑھیں: روہت شرما کو آئی پی ایل میں 50 کروڑ آفر کی خبریں، ٹیم مالک نے اصل بات بتادی
ویمال کمار نے ایشون سے تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے بارے میں بات کی تو ایشون نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی مثال دی اور کہا، ’میں یہ سوچ کر ہنستا ہوں کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ آئی پی ایل کے ذریعے کرکٹرز بہت زیادہ کماتے ہیں، اگر آئی پی ایل 2040 میں منعقد کیا جائے تو کیا کرکٹرز کی تنخواہیں یہی رہیں گی۔‘
ایشون نے کہا، ’دنیا آگے بڑھ رہی ہے، میں نجانے کہاں ہوں گا، میری جگہ کوئی اور آجائے گا، یہ ایک 400 میٹر ریلے ریس کی طرح ہے، کوئی 100 میٹر دوڑتا ہے اور پھر اس سے آگے کوئی اور 100 میٹر دوڑنے لگتا ہے، یہ ارتقا کا عمل ہے جو چلتا رہے گا۔ ایشون نے امید ظاہر کی کہ انہیں 100 فیصد یقین ہے کہ مستقبل میں ان سے زیادہ بہتر اور زبردست کھلاڑی سامنے آئیں گے۔