آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلا ٹی 20 جیت لیا، تباہ کن بیٹنگ، پاور پلے کا نیا ریکارڈ

بدھ 4 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلی مرتبہ ہونے والی ٹی 20 سیریز کے پہلے ہی میچ میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 155 رنز کا ہدف 9 اعشاریہ 4 گیندوں میں حاصل کرلیا۔ مزید برآں فاتح ٹیم نے پاور پلے کے 6 اوورز میں 113 رنز بنائے جوکہ کسی بھی ٹیم کا ٹی 20 میچوں میں پاوور پلے میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستانیوں کے لیے جشن آزادی کا مزا کیسے دوبالا کیا؟

ایڈنبرا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 154 رنز بنائے تھے جو کہ بظاہر ایک مناسب اسکور دکھائی دیتا تھا لیکن آسٹریلوی بلے بازوں نے تباہ کن بیٹنگ کرتے ہوئے وہ ہدف آدھے سے بھی کم اوورز میں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو جتوادیا۔

اسکاٹ لینڈ کے اوپنر جارج مُنسے 28 اور میتھیو کراس 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے شان ایبٹ نے 4 اوور کے اسپیل میں 3 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ زیویئر بارٹلٹ اور ایڈم زمپا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیے: ٹی 20 ورلڈ کپ میں نئی تاریخ رقم : افغانستان نے آسٹریلیا کو شکست دیدی

گو آسٹریلیا کا اسکاٹ لینڈ کے خلاف بیٹنگ کا آغاز متاثر کن نہیں تھا اور اس کے بلے باز جیک فریزر صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے لیکن پھر کپتان مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ پچ پر گہرے بادلوں کی مانند پچ پر یکجا ہوئے اور چوکوں چھکوں کی بارش کردی۔

آسٹریلیا نے صرف 6 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 113 رنز بنائے تاہم 7ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر مارش کو کھودیا جنہوں نے 12 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔

اس کے بعد ٹریوس ہیڈ بھی آؤٹ ہوئے، انہوں نے صرف 25 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیلی۔

ٹریوس نے آسٹریلیا کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں تیز ترین ففٹی بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ انہوں نے نصف سینچری محض 17 گیندیں کھیل کر بنائی۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ 2024، پیٹ کمنز پہلی ہیٹرک کرنے والے بولر

اس طرح آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا جبکہ اس وقت 10ویں اوور کی 2 گیندیں بھی ابھی باقی تھیں۔

فاتح ٹیم کے آسٹریلیا کے جوش انگلس نے 13 گیندوں پر 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر میچ کا وننگ اسٹروک لگایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp