بالی وڈ اسٹار ملائکہ اروڑا کے والد انیل کی ممکنہ خودکشی اداکارہ کی ولدیت کے خانے میں لکھے نام کے حوالے سے متنازع بن گئی۔ ملائکہ اروڑا کے والد کا پورا نام ’انیل کلدیپ مہتا‘ ہے جو سب کو شش و پنج میں ڈال گیا کہ ملائکہ اروڑا کے والد کا سر نیم مہتا کیسے ہوسکتا ہے؟
11 ستمبر کی صبح ملائکہ اروڑا کے والد انیل کی خودکشی خبر بھارتی میڈیا پر بریک ہوئی جس کے بعد دیگر معلومات منظرِ عام پر آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ خود ملائکہ اروڑا بھی اس موقع پر ممبئی میں موجود نہیں تھیں لہٰذا وہ پونے سے فوری طور پر والدین کی رہائشگاہ پر پہنچیں۔
بھارتی میڈیا نے یہ خبر رپورٹ کرتے ہوئے ملائکہ کے والد کا نام ’انیل اروڑا‘ لکھا جن کے حوالے سے یہ معلومات سامنے آئی کہ وہ ایک پنجابی ہندو تھے جو انڈین مرچنٹ نیوی میں کام کرتے تھے۔ دن بھر ملائکہ کے والد کا نام انیل اروڑا ہی رپورٹ کیا گیا لیکن معاملہ اس وقت متنازع بن گیا کہ جب ملائکہ اروڑا نے سوشل میڈیا پر والد کے انتقال کی خبر سے متعلق پوسٹ شیئر کی۔
مزید پڑھیں:ملائکہ اروڑا کے والد کی موت کیسے ہوئی؟ اصل وجہ سامنے آگئی
ملائکہ اروڑا نے پوسٹ میں لکھا کہ ’والد انیل مہتا کی موت کے سبب ہمارا خاندان گہرے صدمے میں ہے، وہ ایک نرم مزاج دادا، پیار کرنے والے شوہر اور ہمارے بہترین دوست تھے۔ ہمارا خاندان اس نقصان سے گہرے صدمے میں ہے اور ہم اس مشکل وقت میں میڈیا اور خیر خواہوں سے پرائیویسی کا خیال رکھنے کی درخواست کرتے ہیں۔‘
ان کی پوسٹ پر والد کا پورا نام ’انیل کلدیپ مہتا‘ لکھا نظر آیا جو سب کو شش و پنج میں ڈال گیا کہ ملائکہ اروڑا کے والد کا سر نیم مہتا کیسے ہوسکتا ہے۔ پوسٹ کے بعد سے بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹس 2 حصوں میں بٹ چکے ہیں ایک وہ جو ملائکہ کے والد کا نام انیل اروڑا لکھ کر انہیں سگے والد قرار دے رہے ہیں جبکہ دوسرے وہ جو انیل مہتا کا نام لکھتے ہوئے انہیں ملائکہ کے سوتیلے والد قرار دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے یہ بھی کہا کہ ممکنہ طور پر انیل مہتا جنہوں نے خودکشی کی وہ ملائکہ کے سوتیلے والد ہیں جبکہ انیل اروڑا کوئی اور شخص ہیں جو پنجابی ہندو تھے اور وہ ملائکہ کے اصل والد تھے۔ صارفین مان چکے ہیں کہ انیل، ملائکہ کے سوتیلے والد ہیں کیونکہ ملائکہ کے پوسٹ پر انیل کی تاریخ پیدائش 22 فروری 1962 درج ہے جبکہ خود ملائکہ کی سنِ پیدائش 1973 ہے اور یوں دونوں کی عمر میں صرف 11 سال کا فرق ہوا اسی سبب ملائکہ کے اصل والد کوئی اور ہونا طے ہے۔
مزید پڑھیں:’میں تھک گیا ہوں‘ موت سے قبل ملائکہ اروڑا کے والد نے کس کو پیغام دیا؟
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جب ملائکہ اروڑا صرف 11 سال کی تھیں تو ان کے والدین نے علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کے بعد ملائکہ اروڑا اپنی والدہ اور بہن امریتا اروڑا کے ہمراہ چیمبور چلی گئی تھیں۔ اس وقت وہ 11 سال اور ان کی بہن اداکارہ امریتا راؤ 6 سال کی تھیں، دونوں کی پرورش ان کی ماں جوائس پولی کارپ نے کی۔
ملائیکہ نے والدین کی علیحدگی سے متعلق بتایا تھا کہ میرا بچپن بہت اچھا گزرا لیکن یہ آسان نہیں تھا، میرے والدین کی علیحدگی نے مجھے ایک نئے اور منفرد طریقے سے اپنی ماں کا مشاہدہ کرنا سکھایا، ان حالات نے مجھے کام کرنے کی اخلاقیات اور ہر صبح اٹھنے کی قدر سکھائی اور یہی ابتدائی اسباق میری زندگی، پیشہ ورانہ سفر اور زندگی میں خود مختاری کی بنیاد ہیں۔
انیل مہتا کی سابقہ اہلیہ جوائس پولی کارپ نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا جس دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ سابق شوہر انیل طلاق کے باوجود کئی برس سے ان کے ساتھ رہ رہے تھے۔ ملائیکہ اروڑا کے سابق شوہر ارباز خان اور سابق بوائے فرینڈ ارجن کپور بھی انیل مہتا کی موت کی خبر سن کر ملائیکہ کے گھر پہنچے تھے، انیل مہتا کے سوگواران میں ان کی 2 بیٹیاں، اداکارہ ملائیکہ اروڑا، امریتا اروڑا اور اہلیہ جوائس پولی کارپ شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:بریک اپ کے بعد ملائکہ کی مبہم پوسٹ نے پھر توجہ حاصل کرلی
بھارتی میڈیا کے مطابق ملائکہ اروڑا کے والد انیل مہتا نے 11 ستمبر کی صبح اپنے اپارٹمنٹ کی چھت سے چھلانگ کر خودکشی کی۔ انیل مہتا کی آخری رسومات 12 ستمبر کی صبح ممبئی میں ادا کی گئیں، اس موقع پر ملائکہ اروڑا کی والدہ جوائس پولی کارپ شدتِ غم سے نڈھال اور روتی ہوئی نظر آئیں جبکہ ملائکہ والد کی اچانک موت کے صدمے میں خاموش تھیں۔