مجھے لگتا ہے میں کراچی نہیں موہنجودڑو میں رہتا ہوں، سابق کپتان یونس خان پھٹ پڑے

پیر 16 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

  قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ کراچی کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، کراچی دیکھ کر لگتا ہے موہنجودڑو میں رہتا ہوں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے یونس خان بھی کراچی کی صورتحال پر نالاں نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا۔ جیسا کراچی وہ آج دیکھ رہے ہیں، اس سے قبل انہوں نے کبھی نہیں دیکھا۔

مزید پڑھیں: ’یار مرتضیٰ بھائی! 2 نمبری نہ کریں‘، میئر کراچی کو بارش کے بعد ویڈیو اپلوڈ کرنا مہنگا پڑگیا

 یونس خان کا کہنا تھا کہ اب شہر کا نظام درہم برہم ہے ٹریفک کے نظام کا برا حال ہے، سڑکیں ماضی میں بہتر تھیں۔ اب شہر میں ٹریفک کے نظام کا برا حال ہے۔ یہاں ہر 6 ماہ میں سڑک بنتی اور ٹوٹتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے انفرا اسٹرکچر پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ارباب اختیار سے کہتا ہوں اللہ کو بھی جواب دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری بھی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتے، پان گٹکا کھاتے ہوئے سوچیں کہ بچے دیکھ رہے ہیں۔ کراچی کی اونر شپ سب کو لینی ہوگی۔

سابق کپتان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین بھی ردعمل دیے بغیر نہ رہ سکے، ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ ابھی میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ٹوئٹ کر کے کراچی کی حالت ٹھیک کر دیں گے۔

محمد منصور لکھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور مرتضیٰ وہاب کو سابق کپتان کی جانب سے ملنے والے ایسے ریمارکس پر شرم آنی چاہیے، ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی جو روشنیوں کا شہر تھا اس وقت کوڑے اور کچرے سے بھرا ہوا شہر بن گیا ہے۔

 محمد ارسلان نے مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے  ہوئے لکھا کہ کراچی کی حالت سب کو نظر آ رہی ہے لیکن آپ ہیں جو شاہراہ فیصل پر نکل کر کہتے ہیں کہ سب ٹھیک ہے۔

سوشل میڈیا صارفین پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے نظر آئے کہ اتنے عرصہ سے کراچی میں ان کی حکومت ہے لیکن وہ آج تک وہاں کی حالت بہتر نہیں کر سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp