چیمپیئنز ٹرافی 2025، آئی سی سی کا وفد آج کراچی پہنچے گا

منگل 17 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی کا 6 رکنی وفد آج کراچی پہنچے گا۔ وفد میں ایونٹ آرگنائزرز سمیت سیکیورٹی نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

آئی سی سی کا وفد کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقات کرے گا۔ وفد ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے اسٹیڈیم پہنچنے کے روٹ کا معائنہ بھی کرے گا اور اگلے مرحلے میں اسلام آباد پھر لاہور کا دورہ کرے گا۔ دورہ مکمل کرنے کے بعد وفد رپورٹ مرتب کرے گا۔

مزید پڑھیں:پاکستان کے لیے خوشخبری، چیمپیئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی نے موقف دے دیا

کرکٹ بورڈ کے مطابق وفد ٹیموں کے پریکٹس میچز اور ٹکٹنگ سمیت دوسرے اہم ایشوز پر پی سی بی حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ اس سے قبل آئی سی سی کے پچ کنسلٹنٹ، سیکیورٹی ہیڈ اور ایونٹس آرگنائزرز 3 دورے کر چکے ہیں۔

گزشتہ دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ سال فروری مارچ میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائے جانے کی تصدیق کی تھی۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس نے واضح طور پر کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی پاکستان سے منتقلی سے متعلق کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے اور نہ ہی کسی بھی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے انکار کیا ہے۔

مزید پڑھیں:جے شاہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب، پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کے امکانات روشن؟

دبئی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان سمیت تمام رکن ممالک کے دورے کرتے ہیں اور تمام ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے پُر عزم ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی آئندہ سال فروری، مارچ میں ہوگی۔ پاکستان ایونٹ کا میزبان ہونے کے ساتھ ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔ 2017  میں آخری بار کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو ہرا کر پہلی بار یہ ٹائٹل جیتا تھا۔

چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقا، بنگلا دیش اور افغانستان شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ پاکستان کے 3 شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے تینوں اسٹیڈیمز کی تزئین وآرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp