وادی کوئٹہ جہاں بلند و بالا پہاڑوں، دلکش نظاروں، منفرد ثقافت، اعلیٰ پھلوں اور لذیذ کھانوں کے حوالے سے جانی جاتی ہے وہیں اس کی وجہ شہرت کچھ منفرد نوعیت کے بازار بھی ہیں۔ جیسے کہ کوئٹہ کی بڑیچ مارکیٹ جہاں ہر قسم کا ایرانی سامان دستیاب ہے اس کے علاوہ روسی گلی جہاں جدید سے جدید مشینری کم داموں میں بآسانی میسر ہے۔ ایسی ہی ایک مارکیٹ کوئٹہ کے وسط میں واقع ہے جہاں مختلف اقسام کے موبائل فون روشن دکانوں میں نہیں بلکہ ریڑھیوں پر فروخت کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امپورٹڈ گھڑیوں کے شوقین افراد کے لیے کوئٹہ کی ودود شاہ مارکیٹ کسی نعمت سے کم نہیں
یہ انوکھی موبائل مارکیٹ کوئٹہ کے علاقے ٹک ٹک گلی میں واقع ہے۔ یوں تو ٹک ٹک گلی شہر میں لوہے کے اوزار اور برتنوں کے حوالے سے مشہور ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی وجہ شہرت یہ پورٹیبل موبائل مارکیٹ بھی بنتی جا رہی ہے۔
اس موبائل مارکیٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں موجود موبائل فروخت کرنے والےدرجنوں افراد ریڑھیوں پر موبائل فون فروخت کرتے ہیں جبکہ دن بھر کاروبار کرنے کے بعد شام کو چوری کے ڈر سے یہ ریڑھیاں بند کر کے واپس اپنے اپنے ٹھکانوں پر لے جاتے ہیں اس لیے اس مارکیٹ کو پورٹیبل موبائل مارکیٹ کا نام دیا گیا ہے۔
وی نیوز سے بات کرتے ہوئے موبائل مارکیٹ میں کام کرنے والے امیرالدین نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی سے وہ ٹک ٹک گلی میں موبائل فروخت کر رہے ہیں یہاں ملنے والے موبائل فون اکثر سرحد سے اسمگل کرکے لائے جاتے ہیں جبکہ یہاں چوری کے موبائل فون کی بھی خرید و فروخت ہوتی ہے۔ بارڈر سے آنے والے موبائل اور چوری کے موبائل خریدے جانے کے سبب یہاں موبائل فون کی قیمتیں عام مارکیٹ کی نسبت 30 سے 40 گنا کم ہوتی ہیں۔
مزید پڑھیے: کوئٹہ میں پنجگور کی کھجور کی دھوم، آخر راز کیا ہے؟
امیرالدین نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر یہاں پر خریدار مارکیٹ میں آتے ہیں اور اپنی اپنی پسند کے موبائل فون خرید کے لے جاتے ہیں ان میں بڑی بڑی کمپنیوں جیسے کہ آئی فون اور سامسنگ کے موبائل فون بھی شامل ہوتے ہیں جو عام مارکیٹ میں لاکھوں روپے کے دستیاب ہیں لیکن یہاں کم پیسوں میں بآسانی مل جاتے ہیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں گاہک یہاں کا رخ کرتے ہیں اور اپنا من پسند فون خرید کر لے جاتے ہیں۔
مارکیٹ میں موجود ایک گاہک نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ ٹک ٹک گلی میں واقع یہ پورٹیبل موبائل مارکیٹ کئی سالوں سے کام کر رہی ہے اور وہ اکثر یہاں پر اپنے پرانے فون فروخت کرتے ہیں اور اکثر انہیں یہاں سے اچھے فون بھی مل جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ میں کپڑے کی وہ مارکیٹ جہاں کم داموں میں سوٹ دستیاب ہیں
گاہک نے کا کہنا تھا کہ زیادہ مہنگے موبائل فون خریدنے کی سکت نہ رکھنے والے افراد اس مارکیٹ سے خریداری کرکے نہ صرف اپنا شوق پورا کرلیتے ہیں بلکہ ان کی موبائل فون کی ضرورت بھی پوری ہوجاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے میں یہ مارکیٹ ان لوگوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے جو کم قیمت میں اچھے موبائل فون کی تلاش میں رہتے ہیں۔