ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے، حماس کا اپنے شہیدوں کے بدلے پر خوشی کا اظہار

بدھ 2 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حماس نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں کو سراہتے ہوئے اسماعیل ہنیہ، حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ اور بریگیڈیئر جنرل عباس نیلفروشان کی شہادت کا بدلہ قرار دیا۔ حماس نے ایران کے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارک باد دی۔

غیرملکی میڈیا نے حماس کی جانب سے دیے گئے بیان کو رپورٹ کرتے ہوئے لکھا کہ حماس نے ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے اٹھائے گئے بہادرانہ اقدام پر خوشی کا اظہار کیا ہے، اور مبارک باد پیش کی اور شہیدوں کے خون کا بدلہ قرار دیا۔

مزید پڑھیں: ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ اور لبنان میں جشن کا سماں

یاد رہے ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل پر 400سے زائد میزائل داغے گئے ہیں، اور تل ابیب میں اسرائیل کے 3اہم فوجی مراکز کو میزائل حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔

تاہم، پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ کی شہادت کا بدلہ قرار دیا اور اسرائیل کو خبردار کیا کہ اسرائیل نے جوابی حملوں کی جرات کی تو اس کو خطرناک نتائج بھگتنے ہوں گے۔

واضح رہے ایران کے حملوں کے بعد تہران، بیروت اور غزہ میں عوام سڑکوں پر نکل آئے جشن منایا اور اللہ کا اکبر کے نعرے لگائے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل پر حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ کی شہادت کا جواب ہے، ایرانی پاسداران انقلاب

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جونہی لبنان کے شہریوں کو اسرائیل پر حملے کی خبر ہوئی تو وہ سڑکوں پر نکل آئے اور دارالحکومت بیروت میں آتش بازی کی گئی، جبکہ غزہ میں بھی شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر خوب جشن منایا۔

دوسری جانب اسرائیلیوں نے ایرانی حملوں سے بچنے کے لیے مختلف بم پروف بنکرز اور شیلٹرز میں پناہ لے رکھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp