الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے حالیہ انٹرا پارٹی الیکشن میں بھی متعدد خامیاں تھیں جس پر جاری کردہ نوٹس کے بعد پی ٹی آئی مسلسل سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کرتی رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ معاملہ تا حال حل نہیں ہو سکا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی نے حالیہ انٹراپارٹی الیکشن 3 مارچ 2024 کو کرایا اس انٹرا پارٹی الیکشن میں بھی متعدد خامیاں تھیں، لہذا الیکشن کمیشن نے پارٹی کو 23 اپریل 2024 کو نوٹس بھیجا، اس کیس کی پہلی سماعت 30 اپریل 2024 کو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرا پارٹی الیکشن کیس: ایف آئی اے کی گاڑی میں ریکارڈ پڑا ہے، واپس کیا جائے، بیرسٹر گوہر
’اپریل 2024 سے لے کر اکتوبر 2024 تک اس کیس کی 6 سماعتیں ہو چکی ہیں، جس میں سے 5 بار اس جماعت نے مزید وقت مانگا اور ہر بار سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی، بشمول آج 2 اکتوبر کی سماعت میں بھی التوا کی درخواست کی گئی۔‘
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن اس معاملے میں مسلسل لچک کا مظاہرہ کر رہا ہے اور پی ٹی آئی کو کئی مواقع فراہم کیے ہیں کہ وہ اپنے آئینی تقاضے پورے کرے۔ تاہم، اس سست روی اور تاخیر کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ پارٹی پر عائد ہوتی ہے۔
’الیکشن کمیشن اس معاملے کو قانونی طور پر حل کرنے کے لیے پوری کوشش کر رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پرہمیشہ قانونی لچک کا مظاہرہ کیا ہے، جماعت کی جانب سے بارہا التواء کا استعمال کیاگیا، جس کی وجہ سے یہ معاملہ تا حال حل نہیں ہو سکا۔‘
مزید پڑھیں: اڈیالہ جیل پی ٹی آئی کا کیمپ آفس بنی ہوئی ہے، حکومت کو کچھ کرنا چاہیے، اکبر ایس بابر
الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 208 اور 209 کے تحت تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ اپنے پارٹی آئین کے مطابق 5 سال کے اندر انٹرا پارٹی انتخابات کروائیں، پی ٹی آئی نے 13 جون 2021 کو اپنے انٹرا پارٹی انتخابات کروانا تھے، تاہم مقررہ وقت تک یہ انتخابات منعقد نہیں کیے گئے۔
’الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو متعدد بار یاد دہانیاں کرائیں اور بالآخر 27 جولائی 2021 کو شوکاز نوٹس جاری کیا، اس نوٹس کے جواب میں جماعت کی جانب سے ایک سال کی توسیع کی درخواست کی گئی، جس میں کووڈ-19 کی صورتحال کو جواز بنایا گیا۔ الیکشن کمیشن نے پارٹی کو 13 جون 2022 تک کی مہلت دیتے ہوئے یہ درخواست قبول کی۔‘
مزید پڑھیں: 2اکتوبر تک انٹرا پارٹی الیکشن کامعاملہ بھی حل ہوجائے گا، بیرسٹر گوہر خان
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے جون 2022 میں فارم 65 کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کی دستاویزات جمع کرائیں، جو نامکمل پائی گئی تھیں۔ ’الیکشن کمیشن نے متعدد مرتبہ یاد دہانی کرائی اور مزید دستاویزات طلب کیں، مگر جماعت کی جانب سے تاخیر کا سلسلہ جاری رہا، الیکشن کمیشن کی طرف سے اس معاملے پر باقاعدہ سماعتیں کی گئی ہیں۔‘