وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبہ 700 ارب روپے کا ہے، آج ہم اس کی پہلی قسط دینے جارہے ہیں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر سے 5 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں، ہم 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب کابینہ نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی منظوری دیدی
مریم نواز نے کہاکہ اپنی چھت اپنا گھر اسکیم نواز شریف کا منصوبہ ہے، اور وہ روزانہ اس کی اپ ڈیٹ لیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف مجھے ہدایات دیتے ہیں کہ سارا وقت عوام کی خدمت میں صرف کرو، میں نے خوابوں کے پیچھے محنت سے لگ جانا بھی نواز شریف سے سیکھا۔
انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ کی ماہ کی قلیل مدت میں اس پراجیکٹ کی پہلی قسط دینے جارہے ہیں، ہم کم از کم 5 لاکھ روپے تک کا قرضہ دے رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ شناختی کارڈ اور زمین کے کاغذات دکھا کر قرضہ حاصل کیا جاسکتا ہے، شہروں میں 5 مرلے اور دیہات میں 10 مرلے زمین والوں کو قرض دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک ٹیک آف کرنے کی پوزیشن پر آگیا ہے، وزیراعظم شہبا زشریف دن رات محنت کرتے ہیں، اور مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔
’کسی کی گالم گلوچ کا جواب نہیں دینا چاہتی‘
مریم نواز نے کہاکہ میں کسی کی گالم گلوچ کا جواب نہیں دینا چاہتی، تنقید کرنے والوں کی توجہ گالم گلوچ اور جلائو گھیرائو پر ہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں ترقی کی بات ہورہی ہے اور منصوبے لائے جارہے ہیں، لیکن اب بھی کچھ لوگ انتشار پھیلانے میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں اپنا گھر اپنی چھت اسکیم: کیا غیر شادی شدہ افراد بھی قرض لے سکتے ہیں؟
وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب اور وفاق میں نواز شریف کی حکومت ہے، قائد ن لیگ نے ترقی کا سفر 1980 سے شروع کیا تھا۔