کراچی میں گزشتہ روز چینی شہریوں پر خود کش حملے کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق،خود کش دھماکےمیں استعمال کی گئی گاڑی کا ریکارڈ مل گیا ہے، مذکورہ گاڑی جس شخص کے نام تھی، وہ ایک دکانادرار ہے جس کا ڈیٹا مل گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکا، تحقیقاتی اداروں کی تفتیش میں کیا سامنے آیا؟
تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ گاڑی کی تفصیلات چیسز نمبر سے حاصل ہوئیں، نادرا ریکارڈ کے تناظر میں تحقیقات کا دائرہ بلوچستان تک پھیلا دیا گیا ہے، گاڑی جس شخص کے نام تھی اس کی شناختی دستاویزات حاصل کرلی گئی ہیں اور اس کے زیر استعمال سمز کا ڈیٹا بھی لیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی ایئرپورٹ کے باہر سگنل کے قریب خودکش حملے میں 3 غیرملکی شہریوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق، گزشتہ رات ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والے تینوں غیرملکی شہریوں کی شناخت کرلی گئی ہے، مرنے والوں کی شناخت لی جون، وہ چون زن اور لی زہاؤ کے نام سے ہوئی ہے۔ گزشتہ رات ہونے والے دھماکے سے متعلق ابتدائی طور پر کہا جارہا تھا کہ دھماکا آئل ٹینکر میں ہوا جس کے بعد ہر طرف دھویں کے بادل پھیل گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی کراچی میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت، مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کا عزم
تفتیشی ذرائع کے مطابق، کراچی ائیرپورٹ کے قریب ہونے والا دھماکا خود کش تھا جس کے لیے ایک چھوٹی کار استعمال کی گئی۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ کار سوار خودکش حملہ آور غیرملکیوں کے قافلے کے نکلنے کا انتظار کررہا تھا، قافلے کے سگنل کے قریب پہنچتے ہی کار سوار نے اپنی گاڑی غیرملکیوں کی گاڑی سے ٹکرادی، کار میں ممکنہ طور پر بارود تھا جس سے گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق، غیرملکیوں پر حملے کے لیے بھاری بارودی مواد استعمال کیا گیا جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا،۔
اسپیشل برانچ چائنا ڈیسک کا انچارج عہدے سے فارغ
ایڈیشنل آئی جی سندھ نے اسپیشل برانچ چائنا ڈیسک کے انچاج کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی فواد شاہین جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اے ایس یو اینڈ چائنا ڈیسک اسپیشل برانچ کے انچارج تھے۔ ڈی ایس پی اسپیشل برانچ چائنا ڈیسک کا کام چینی شہریوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنا تھا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں غیر ملکیوں سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں پولیس، رینجرز اہلکار اور دیگر افراد شامل ہیں۔ دھماکے سے مجموعی طور پر 12 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ متاثرہ گاڑیوں میں ایک پولیس موبائل اور 2 رکشے بھی شامل ہیں۔
چینی سفارتخانے کی مذمت
چینی سفارتخانے نے کراچی حملے کی مذمت کرتے ہوئے 2 چینی شہریوں کی خودکش حملے میں ہلاکت کی تصدیق کردی تھی۔ چینی سفارتخانے نے پاکستانی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس حملے کی جامع تحقیقات کریں اور ملوث افراد کو سزا دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں مختلف منصوبوں میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کریں۔
یہ بھی پڑھیں: چینی سفارتخانے نے کراچی میں جاں بحق اہلکاروں کی تفصیل بتادی
بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی قونصل خانہ شدت پسند حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور دونوں ملکوں سے تعلق رکھنے والے متاثرہ شہریوں کے اہلخانہ سے گہرے افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ چینی قونصل خانے نے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر اس (واقعے) کے بعد کا لائحہ عمل طے کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ چینی قونصل خانے نے بتایا کہ ان کی جانب سے فوری طور پر ایک ایمرجنسی پلان لانچ کردیا گیا ہے۔
حملے میں ملوث مجید بریگیڈ سمیت تمام ذمہ داروں کو نہیں چھوڑا جائے گا، دفتر خارجہ
پاکستان نے کراچی میں چینی شہریوں پر حملے کی پرزور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ چین کے ساتھ مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان گزشتہ روز کراچی میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملے میں ملوث مجید بریگیڈ سمیت تمام ذمہ داروں کو نہیں چھوڑے گا، پاکستان اور چین آہنی دوست ہیں، کوئی بھی قوت پاکستان اور چین کی دوستی کو سبوتاژ نہیں کرسکتی، کل کے حملے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور دیکھ رہے ہیں کہ پروٹوکول میں کہاں کمی رہ گئی ہے۔
دکھ کی اس گھڑی میں چینی شہریوں کے ساتھ ہیں، صدر مملک آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعہ میں 2 چینی شہریوں کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق چینی شہریوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی سفارتکار کی گورنر بلوچستان سے ملاقات، مختلف شعبوں میں معاونت جاری رکھنے پر اتفاق
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے مؤثر کارروائی کرنا ہوگی، دکھ کی اس گھڑی میں ہمدردیاں چینی شہریوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔
حملہ آور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گزشتہ رات کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے کی مذمت اور چینی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ رات ہونے والے المناک واقعے کے نتیجے میں 2 چینی شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور ایک زخمی ہوا، اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہوں، چینی قیادت اور چین کے عوام بالخصوص متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔
Deeply shocked and saddened by last night’s tragic incident in Karachi, resulting in the loss of two precious Chinese lives & injuring another. I strongly condemn this heinous act and offer my heartfelt condolences to the Chinese leadership & the people of China, particularly the…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 7, 2024
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے کے مرتکب پاکستانی نہیں بلکہ پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، ان کی شناخت اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، ہم ان کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔