پاکستان میں ایس سی او اجلاس کا انعقاد ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے، عطا اللہ تارڑ

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایس سی او سربراہ اجلاس ایک بڑا ایونٹ ہے، پاکستان میں ایس سی او اجلاس کا انعقاد ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔ ایس سی او اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ ایس سی او کانفرنس کے پاکستان میں انعقاد سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بحال ہوا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ہمارا وژن ہے کہ ہم اپنی ثقافت اور امن پسندی کی سوچ کو اجاگر کریں۔

عطا اللہ تارڑ نے میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ملائیشیا کے وزیر اعظم اور سعودی وفد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا، اس دوران پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے بات ہوئی۔ ماضی میں پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا۔ موجودہ دور میں پاکستان کی معاشی اشاریے بڑھے ہیں۔

مزید پڑھیں:ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے وزیراعظم پاکستان پہنچ گئے

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے جو 6.9 فیصد پر پہنچ چکی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے آج ہماری معیشت کی تعریف کر رہے ہیں۔ پاکستان خطے میں اہم ملک ہے، چینی وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان آئے۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوا۔ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف انا پرستی اور ایک طرف حب الوطنی ہے، کوئی سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں۔ تحریک انصاف کی کال غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے، یہ آپس میں لڑے ہوئے لوگ ہیں، انہیں خود اپنی سمجھ نہیں۔ اسلام آباد میں سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:ایس سی او کانفرنس: اسلام آباد کی کونسی شاہراہیں کس وقت ٹریفک کے لیے بند ہوں گی؟

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں نے احتجاج کرنا ہے تو اپنے گھروں میں بیٹھ کر خاموش احتجاج ضرور کریں۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کا مقصد کیا ہے؟ یہ کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی نہیں تو کچھ نہیں، پی ٹی آئی والے سن لیں پاکستان ہیں تو ہم سب ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کا متحرک رکن ہے، وزیراعظم فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے ایس سی او کانفرنس میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ اسرائیل فلسطین میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ پاکستان نے فلسطینی میڈیکل طلبا کو پاکستانی تعلیمی اداروں میں تعلیم کی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار ہے۔ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان انتہائی اہم ہے۔ میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر میں سہولیات کی فراہمی پر وزارت اطلاعات کی پوری ٹیم کا مشکور ہوں۔ غیر ملکی صحافیوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:ایس سی او کانفرنس کے انعقاد پر کتنے کروڑ خرچ ہوئے؟

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 15 اور 16 اکتوبر کو منعقد ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے موقع پر مقامی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندے میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر سے مستفید ہوں گے۔ پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں قائم میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر میں کمپیوٹر لیب، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، ڈیجیٹل پرنٹر، ڈیجیٹل سٹوڈیو، پوڈ کاسٹ سٹوڈیو، میڈیا لائبریری، کانفرنس روم سمیت جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر میں تیزرفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی طرف سے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی جانب سے میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر میں ڈیجیٹل لائبریری بھی قائم کی گئی ہے اور مقامی اور غیر ملکی صحافیوں کی سہولت کے لیے انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے۔ صحافیوں کے لیے 24 گھنٹے سہولیات دستیاب ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp