پاکستان کی جواں سال اسکواش اسٹار مہوش علی نے بڈاپیسٹ میں ہونے والا ہنگری جونیئر اوپن ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سکواش: پاکستانی کھلاڑیوں نے آسٹریلیا میں سبز ہلالی پرچم لہرا دیا، 5 گولڈ میڈل جیت لیے
انڈر 17 کیٹیگری میں حصہ لینے والی مہوش علی نے اپنے گروپ کے دونوں میچ جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پشاور سے تعلق رکھنے والی مایہ ناز پاکستانی کھلاڑی نے شاندار طریقے سے ہنگری کی ٹاپ سیڈڈ تمارا پیسکریسکو کو 11-5، 11-2، 11-2 کے اسکور کے ساتھ شکست دی۔
اس سے قبل مہوش نے ہنگری کی سیکنڈ سیڈ بریگیٹا کوواکس کو بھی مات دی تھی۔
View this post on Instagram
مہوش کا لگاتار دوسرا جونیئر ٹائٹل ہے انہوں نے حال ہی میں سویڈن میں نارڈک جونیئر اوپن بھی جیتا ہے جس نے بین الاقوامی اسکواش منظر نامے پر ان کی بڑھتی ہوئی ساکھ میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
مزید پڑھیے: آسٹریلین جونیئر اوپن اسکواش کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2 گولڈ میڈل پاکستانی بہنوں کے نام
مہوش اور ان کی 2 بہنوں نے ہنگری اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی ایک بہن نے اپنی متعلقہ عمر کے گروپ میں ٹائٹل جیتا جبکہ دوسری بہن رنر اپ رہیں۔
انڈر 13 ڈویژن میں ان کی بہن ماہ نور علی نے شاندار کارکردگی دکھا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ماہ نور نے ہنگری کی ٹاپ سیڈ کرسٹینا کون کو 11-1، 11-1، 11-0 سے زیر کیا۔ انہوں نے طاقتور شاٹس اور انتھک کاوشوں کے ذریعے حریف کو کوئی موقع نہ دیتے ہوئے ایک تیز ترین فتح حاصل کی۔
ان کی تیسری بہن سحرش علی انڈر 15 ٹائٹل جیتنے کے قریب پہنچی لیکن فرانس کی کاسی لنکو کے خلاف سخت مقابلے کے بعد رنر اپ کے طور پر ختم ہوئی۔
بھرپور کوشش کے باوجود سحرش کو لنکو کے خلاف سخت مقابلے میں 18-20، 6-11، 3-11 سے شکست ہوئی۔