ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024: پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 54 رنز سے شکست، ٹورنامنٹ سے باہر

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ نے پاکستان کی خواتین ٹیم کو 56 رنز سے ہراکر ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے 110 رنز کے جواب میں 11 اعشاریہ 4 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر محض 56 رنز بناسکی۔ اس طرح اسے 54 رنز سے شکست ہوگئی۔

پاکستان کی کوئی بھی بیٹر نیوزی لینڈ کی بولنگ کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکیں اور صرف کپتان فاطمہ ثنا اور منینہ علی ڈبل فگر میں داخل ہوسکیں جنہوں نے بالترتیب 21 اور 15 رنز بنائے۔

ایمیلیا کیر نے 14 رنز دے کر 3 اور ایڈن کارسن نے 7 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ فران جوناس، لی تہوہو اور روز میری میئرنے ایک ایک بیٹر کو آؤٹ کیا۔ ایڈن کارسن نے 3 اوورز میں ایک میڈن کیا اور صرف 7 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں اس پر وہ پلئر آف دی میچ قرار پائیں۔

 پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 110 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی ڈیوائن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024: پاکستانی بولرز کی شاندار پرفارمنس، سری لنکا کو 31 رنز سے شکست

دبئی میں کھیلا گیا یہ میچ پاکستان کے گروپ میچوں میں چوتھا اور آخری مقابلہ تھا۔

پاکستان کی ہار پر بھارت کی ٹورنامنٹ میں رہنے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

پاکستان نے گروپ اے کے اپنے 4 میچوں میں سے صرف ایک جیتا اور اس کے 2 پوائنٹس رہے۔ قومی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ بھارت، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچوں میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کا یہ میچ بھارت کے لیے بھی بیحد اہم تھا۔ اگر پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرا دیتی تو بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن تھے تاہم اگر پاکستان ٹیم مطلوبہ اسکور 10 اوورز میں حاصل کرلیتی جو کہ ایک بڑا ہدف ہوتا تو پھر پاکستان کے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کا چانس بن جاتا۔

مزید پڑھیے: ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

 گروپ میں آسٹریلیا کی ٹیم سرفہرست ہے جس نے اپنے چاروں میچ جیتے اور 8 پوائںٹ حاصل کیے جبکہ نیوزی لینڈ نے 4 میچوں میں سے 3 جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس طرح نیوزی لینڈ گروپ میں ٹاپ سیکنڈ ٹیم رہتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

پاکستان کے 2، بھارت کے 4 اور سری لنکا کے صفر پوائنٹس رہے اور اس طرح تینوں ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اس کی اوپنر جوڑی سوزی بیٹس اور جورجیا پلمر نے کھیل کا آغازکیا تاہم 7ویں اوور میں جورجیا 41 کے مجوعی اسکور پر آؤٹ ہوگئیں۔ انہوں نے 14 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔  وہ نشرہ سندھو کی گیند پر کپتان فاطمہ ثناکے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔

اس کے بعد 9 ویں اوور کی 5 ویں گیند پر 50 کے مجموعی اسکور پر سوزی بیٹس آؤٹ ہوگئیں۔ انہیں بھی نشرہ سندھو نے پویلین کی راہ دکھائی جن کی گیند پر سابق کپتان ندا ڈار نے کیچ لیا۔ سوزی نے 29 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔

ایمیلیا کیر ون ڈاؤن بیٹنگ کرنے آئی تھیں تاہم وہ 12 ویں اوور کی دوسری گیند پر 58  رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئیں۔ انہیں عمیمہ سہیل گیند پر فاطمہ ثنا نے کیچ کیا۔ اییلیا نے 17 گیندوں پر 9 رنز بنائے۔

اس کے بعد 96 رنز کے اسکور پر بروک ہیلی ڈے اور اگلی ہی گیند پر کپتان سوفی ڈیوائن آؤٹ ہوگئیں۔ بروک 22 اور سوفی 19 رنز بناسکیں۔ بروک کو نشرہ کی گیند پر وکٹ کیپر منیبہ علی نے اسٹمپ کیا جبکہ نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی کا کیچ پاکستانی کپتان فاطمہ نے سعدیہ اقبال کی گیند پر لیا۔

20 ویں اوور کی آخری گیند پر میڈی گرین آؤٹ ہوگئیں۔ میڈی کو فاطمہ ثنا نے ندا ڈار کی گیند پر کیچ کیا۔ میڈی نے 22 رنز بنائے۔

نشرہ نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ندا،عمیمہ اور سعدیہ نے اپنے 4 اوورز کے اسپیل میں ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ندا، عمیمہ اور سعدیہ نے بالترتیب 26، 14 اور 23 رنز دیے۔ فاطمہ ثنا اور سیدہ عروبہ شاہ نے 2،2 اوورز کیے اور بالترتیب 17 اور 11 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکیں۔ فاطمہ ثنا نے 4 عمدہ کیچ لیے۔

اس طرح نیوزی لینڈ نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 110 رنز بناکر پاکستان کو جیت کے لیے 111 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستانی ٹیم سے حاصل نہ کیا جاسکا اور پوری ٹیم 11 اعشاریہ 4 اوورز میں محض نیوزی لینڈ کے اسکور کا نصف ہی بناسکی۔

گروپ بی میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ نے اب تک 3 میچ کھیلے ہیں اور تینوں جیت کر اس کے 6 پوائنٹس ہیں۔ جنوبی افریقہ 4 میں سے 3 جیت کر 6 پوائنٹس پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کے اب تک 4 پوائنٹس ہیں۔ بنگلہ دیش نے 4 میں سے ایک میچ جیتا ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ کے گروپ کے اپنے چاروں میچوں میں ناکامی ہوئی ہے۔

 اس طرح منگل کے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے میچ کے بعد گروپ بی کی ٹاپ 2 ٹیموں کا فیصلہ ہوجائے گا۔ جہاں تک گروپ اے کا تعلق ہے اس میں آسٹریلیا ٹاپ پر جبکہ نیوزی لینڈ دوسرے نمبر پر آکر سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔

فاطمہ ثنا کا ریکارڈ

پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹی 20 میچ میں 4 کیچ لے کر بسمہ معروف کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بسمہ نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 3 کیچ لے کر سب سے زیادہ کیچ لینے والی پاکستانی فیلڈر کا وہ ریکارڈ سنہ 2011 میں قائم کیا تھا۔

یاد رہے کہ کپتان فاطمہ ثنا کے والد جمعرات کو انتقال کرگئے تھے جس کے باعث وہ کراچی چلی گئی تھیں تھی تاہم گزشتہ روز تدفین کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل دوبارہ امارات پہنچ گئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp