چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جس کے لیے ساری قوم تیار رہے کیوں کہ چوروں کے ٹولے کو سہولت کاروں نے ہمارے اوپر یہ سمجھ کر مسلط کیا ہے کہ ہم غلام ہیں مگر کلمے کی طاقت انسان کو خوف سے آزادی دیتی ہے۔
زمان پارک میں افطار کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کوگرفتار کرکے ہمیں پیغام دیا جارہا ہے مگر ہم نے انصاف کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اسلام کا اسکالر تو نہیں ہوں مگر میں نے اپنی زندگی سے یہی سیکھا ہے کہ انسان کو اندر کی آزادی لا الہ الااللہ دیتا ہے اور معاشرے کو آزادی انصاف دیتا ہے ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو انقلاب اللہ کے نبی لے کر آئے ویسا انقلاب دنیا میں کہیں نہیں آیا جس کی مثال یہ ہے کہ جنگ بدر میں 313 سپاہی تھے اور 11 سال بعد خالد بن ولید کی لیڈر شپ کے سامنے رومن فوج نے گھٹنے ٹیک دیے جبکہ 12 ویں سال میں دوسری سپر پاور کو قدسیہ میں مسلمانوں نے شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ عربوں کو اللہ کے نبی نے آزادی دی اورانصاف دے کر معاشرے میں سب کو برابر کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آزاد لوگ آزادی کے لیے کھڑے ہوتے ہیں جبکہ غلام لوگ آزادی کی جنگ نہیں لڑتے جس کی مثال یہ ہے کہ افغانستان کو 3 سپر پاورز فتح نہیں کر پائیں ۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اشرف المخلوقات ہونے کے ناطے ہم سب لیڈر ہیں ۔ ہم اپنی صلاحیتوں کو آزماتے نہیں ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ خوف ہے مگر لاالہ الا اللہ خوف کے بت کو توڑتا ہے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بزدل آدمی کبھی لیڈر نہیں بنتا بلکہ نواز شریف بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرت مند انسان کی معاشرے میں عزت بڑھ جاتی ہے جبکہ بے غیرت انسان اربوں پتی ہو کر بھی عزت نہیں پا سکتا ۔