برطانوی سیاستدان جارج گیلووے نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی زندگی بچانے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کردی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ میں اپنے پاکستانی دوستوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عمران خان کی زندگی بچانے کے لیے کردار ادا کریں۔
I appeal to my many friends in #Pakistan These may be the last days to save the life of @ImranKhanPTI
— George Galloway (@georgegalloway) October 15, 2024
واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے بھی عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستانی حکام پر عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی دنوں سے ان کے بیٹوں کو عمران خان سے ٹیلی فون پر بات کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ان کی صحت کے حوالے سے تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند ہفتوں سے میرے بیٹوں کے والد عمران خان کے جیل میں علاج کے حوالے سے سیریس اور تشویش ناک صورت حال سامنے آئی ہے۔ پاکستانی حکام کی جانب سے ان کے اہل خانہ اور ان کے وکلا کو ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔
جمائما خان نے لکھا کہ ہمیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ حکام نے اب ان کے سیل کی لائٹس اور بجلی بھی بند کردی ہے اور انہیں اب کسی بھی وقت اپنے جیل سیل سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان سے متعلق صورتحال تشویش ناک ہے، بیٹوں کو بھی بات نہیں کرنے دی جا رہی، جمائما گولڈ اسمتھ
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتال کے دو ڈاکٹروں نے جیل میں عمران خان کا طبی معائنہ کیا ہے، جس کے بعد ہمیں بتایا گیا ہے کہ ان کی صحت تسلی بخش ہے۔