مراٹھی فلم انڈسٹری کی ایک قابل احترام شخصیت اور دی کپل شرما شو میں اپنے کرداروں کے لیے جانے جانے والے اتل پرچور کینسر کے ساتھ طویل جنگ کے بعد 57 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کا انتقال 14اکتوبر کو ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان کے سوگواران میں ان کی ماں، بیوی اور بیٹی شامل ہے، جنہوں نے اس مشکل وقت میں دعا کی درخواست کی ہے۔ اتل پرچور نے مراٹھی اور ہندی سینما میں اپنے لاجواب کرداروں کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ وہ اپنے منفرد کامیڈی انداز کے لیے مشہور تھے اور بالی ووڈ کے کئی بڑے اداکاروں جیسے شاہ رخ خان، سلمان خان، جوہی چاولہ، انوپم کھیر اور گووندا کے ساتھ کام کرچکے تھے۔
مزید پڑھیں: ’مجھے خوشی ہے کہ میں نے فلم انڈسٹری سے زیادہ کپل شرما شو کو وقت دیا‘، ارچنا سنگھ نے ایسا کیوں کہا؟
اتل پرچور کی فلموگرافی میں شامل اہم فلموں میں پھر بھی دل ہے ہندوستانی، میری پیاری بہنیا بنے گی دلہنیا 2001، کیوں کہ میں جھوٹ نہیں بولتا، سلام-اے-عشق، اور پارٹنر شامل ہیں۔
ٹی وی کی دنیا میں بھی اتل پرچور نے نمایاں کام کیا اور ان کے مشہور شوز میں آر کے لکشمن کی دنیا، کامیڈی نائٹس ود کپل، کامیڈی سرکس شامل ہیں۔ ان کی آخری فلم علی بابا اور چالیس چور تھی جو 2024 میں ریلیز ہوئی، جس میں انہوں نے ایک ڈاکٹر کا کردار ادا کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کپل شرما نے اپنا طیارہ خریدلیا، کروڑوں کمانے والے کامیڈین کی پہلی تنخواہ کتنی تھی؟
اتل پرچورے کے انتقال پر بھارتی شوبز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی انسٹاگرام کے ذریعے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مراٹھی میں ایک نوٹ شیئر کیا، جس میں پرچور کو ایک چالاک اداکار کے طور پر بیان کیا گیا۔ جنہوں نے سامعین کے لیے ہنسی اور آنسو دونوں لائے۔