پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ سے ملاقات کرانے کے لیے دائر درخواست لاہور ہائیکورٹ نے خارج کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سے ملاقات کے لیے اعتراضی درخواست پر سماعت جسٹس طارق ندیم نے کی۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان ڈی چوک سے گرفتار
بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے اپنی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سے ملاقات کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ جس پر اعتراض عائد کیا گیا تھا کہ درخواست گزار کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان جہلم جیل میں قید ہیں۔
درخواست گزار کی جانب سے عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اسلام آباد میں اجلاس منعقد کیا گیا ہے، اجلاس کے باعث 14 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک تمام عدالتیں بند رہنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پنجاب کے کیس کے سماعت کا اختیار رکھتی ہے۔ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو 12 اکتوبر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا۔
عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ جیل رولز اور ہائیکورٹ رولز کے تحت فیملی ممبران سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ بہنوں سے ملاقات کروانے کا حکم جاری کرے۔
یہ بھی پڑھیں:علیمہ خان اور عظمیٰ خان مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ کے دلائل کے جواب میں دفتر کی جانب سے اعتراض کیا گیا کہ درخواست گزار راولپنڈی بینچ سے رجوع کرے۔ درخواست پرنسپل سیٹ پر دائر نہیں کی جا سکتی۔
بعد ازاں عدالت نے دفتری اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست خارج کردی۔