بھارتی صحافیوں کے وفد کی سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات

جمعرات 17 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کوریج کے لیے پاکستان آئے بھارتی صحافیوں نے آج لاہور میں سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی وزیراعظم نریندر مودی خود پاکستان آتے تو زیادہ اچھا لگتا، صدر مسلم لیگ نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف سے بھارتی صحافیوں کے وفد  نے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف بھی ملاقات میں شریک تھیں۔

بھارتی صحافی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی کوریج کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے ہیں۔

بھارت کے ساتھ بہتر اور خوشگوار تعلقات کے حامی

یاد رہے کہ چند روز قبل سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے معروف صحافی برکھا دت کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ہمیشہ بھارت کے ساتھ بہتر اور خوشگوار تعلقات کے حامی رہے ہیں۔

اس موقع پر نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بحالی کا یہ بہت اچھا موقع ہے، کتنا ہی اچھا ہوتا اگر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی خود شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کرتے۔

میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ہم مستقبل قریب میں دوریوں کو کم کرنے کے لیے مل بیٹھنے کا کوئی موقع حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp