آئینی ترمیم کی منظوری: وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب، قومی اسمبلی کا شیڈول تبدیل

جمعہ 18 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے، اجلاس میں مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری لی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے، واضح رہے کہ گزشتہ روز طلب کیا گیا کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا لیکن 26 ویں آئینی ترمیم پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت آئینی عدالت کے قیام سے پیچھے ہٹنے پر رضا مند ہو گئی

دوسری جانب آج قومی اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے، قومی اسمبلی سیکریٹیریٹ سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق اسمبلی اجلاس اب صبح 11  بجے نہیں بلکہ شام 6 بجے ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسمبلی اجلاس آج شام کو طلب کیا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معمولی صورتحال میں تبدیل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: آئینی ترمیم کے لیے حکومت کو قومی اسمبلی میں مزید کتنے ووٹ درکار؟

مراسلہ کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی اسپیکر نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے قاعدہ 49 کی ذیلی شق 2(بی) کے تحت تفویض اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے شیڈول کے ضمن میں اس تبدیلی سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کا پیغام تمام اراکین اسمبلی کو بھجوا دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا 26ویں آئینی ترمیم پہلے سینیٹ سے منظور کرانے کا فیصلہ

دوسری جانب ترجمان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر قومی اسمبلی کے آئندہ کے اجلاسوں کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق میڈیا کے ان نمائندوں کو پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت ہو گی جن کے پاس پریس گیلری کارڈ موجود ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp