میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ ایک نئے فیچر کو متعارف کرانے جا رہا ہے جو مصنوعی ذہانت سے جڑا ہے۔ میٹا اے آئی کے لیے اس فیچر کا نام چیٹ میموری ہے جس کا مقصد صارف کی چیٹ بوٹ کے ساتھ گفتگو کو مزید بہتر کرنا ہے۔ واٹس ایپ کی یہ اپڈیٹ فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ہوگی اور صرف بیٹا ورژن پر دستیاب ہوگی۔
خیال رہے واٹس ایپ نے اس سے قبل بھی اسی طرح کے ایک فیچر کا اعلان کیا تھا جس کو وائس چیٹ موڈ کا نام دیا گیا تھا۔ اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارفین میٹا اے آئی کے ساتھ ٹائپنگ کے بجائے بول کر بات کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کا نئے پرائیویسی فیچر کے ساتھ زبردست بیٹا ورژن لانچ کرنے کا اعلان
واٹس ایپ کے نئے فیچر میں مزید سہولت دی گئی ہے کہ میٹا اے آئی کا چیٹ میموری فیچر خود بخود ان تفصیلات کو یاد کرے گا جو صارف نے واٹس ایپ پر شیئر کی ہوں گی۔
یعنی کے چیٹ میموری فیچر ان معلومات کو یاد کرے گا جیسے کہ صارف سبزی خور ہے یا گوشت خور، سالگرہ کب ہوتی ہے، منتخب شدہ گفتگو کا طریقہ کار اور یہاں تک کہ مشاغل وغیرہ کیا کیا ہیں۔
میٹا اے آئی کا یہ چیٹ میموری فیچر سب تفصیلات یاد کرکے اس سے متعلقہ تجاویز پیش کرسکتا ہے جو صارف سے زیادہ مطابقت رکھتی ہوں، یعنی کے صحت اور روزہ مرہ زندگی سے متعلق مشورے بھی دے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں واٹس ایپ کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟
واضح رہے واٹس ایپ نے حال ہی میں اینڈرائیڈ کے نئے اپ ڈیٹ (بیٹا ورژن) میں’سیفٹی اسکرین‘ کے نام سے نیا فیچر متعارف کرایا ہے جو آپ کو نقصان دہ لنکس سے محفوظ رکھے گا۔
اس فیچر کے ذریعے آپ جب بھی کسی نامعلوم فرد کی جانب سے پیغام موصول کریں گے، آپ کی ڈیوائس پر ایک سیفٹی اسکرین نمودار ہوگی جس کے ذریعے آپ مذکورہ اکاؤنٹ کو بلاک یا رپورٹ کرسکیں گے۔