بالی ووڈ اداکارہ ملیکا شراوت نے حال ہی میں صنعت میں اپنے ابتدائی سالوں کے دوران مرد اداکاروں کی جانب سے کیے جانے والے نامناسب رویے کے بارے میں انکشافات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ میں کامیابی کا راز؟ ملکا شراوت کا بڑا انکشاف
ایک حالیہ انٹرویو میں ملیکا نے بتایا کہ کس طرح بالی ووڈ کے کچھ ہیروز رات گئے انہیں فون کال کیا کرتے اور ان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ ان ہیروز نے یہ فرض کیا ہوا ہوتا تھا کہ وہ جس طرح اسکرین پر بولڈ کردار کرتی ہیں شاید ذاتی زندگی میں بھی ایسی ہی ہوں گی۔
ملیکا نے کہا کہ کچھ ہیرو مجھے فون کرتے اور رات کو ملنے کو بلاتے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ دریافت کرتیں کہ رات کو کیوں آؤں تو وہ کہتے کہ آپ جب اسکرین پر اتنے بولڈ کردار کرتی ہیں تو پھر رات کو ملنے میں کیا حرج ہے؟
’ایکٹرز نے بڑے جال پھینکے لیکن میں ایسی نہیں‘
انہوں نے کہا کہ بہت سے اداکار گفتگو میں حدود بھی عبور کرنے کی کوشش کیا کرتے اور یہی سوچتے کہ جب میں اسکرین پر بولڈ سین کر سکتی ہوں تو وہ ان لوگوں سے آف اسکرین بھی سمجھوتہ کر سکتی ہوں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ’لیکن میں ایسی نہیں ہوں‘۔
شوٹنگ کے دوران پریشان کن تجربات بھی بیان کیے
ملیکا نے دبئی میں بلاک بسٹر فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک پریشان کن تجربہ بھی شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیرو آدھی رات کو میرے دروازے پر دستک دیتا اور لگتا وہ دروازہ توڑ ہی دے گا۔ اس نے کہا کہ وہ میرے بیڈروم میں آنا چاہتا ہے لیکن میں نے سختی سے منع کردیا کہ نہیں یہ تو نہیں ہوسکتا۔
ملیکا نے بتایا کہ اس کے بعد اس اداکار نے ان کے ساتھ دوبارہ کبھی کام نہیں کیا۔
مزید پڑھیے: ’بالی ووڈ کی نقالی پاکستانی اداکاراؤں کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی‘ حبا بخاری کی ویڈیو پر صارفین کے تبصرے
ملیکا شراوت نے سنہ 2002 میں فلم ’جینا صرف میرے لیے‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور پھر سنہ 2004 میں فلم ’مرڈر‘ میں اپنی اداکاری سے شہرت حاصل کی۔ پھر وہ پیار کے سائیڈ ایفیکٹس، ویلکم اور خواہش جیسی فلموں میں بھی جلوہ افروز ہوئیں۔
انہوں نے حس اور پولیٹکس آف لو جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔ وہ ’اب وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو‘ کے ذریعے پردہ سیمیں پر واپسی کر رہی ہیں۔ اس فلم میں راج کمار راؤ اور ترپتی ڈمری بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔