انٹرنیشنل فائٹنگ ٹورنامنٹ مکسڈ مارشل آرٹس تھری میں شرکت کے لیے بھارت کا 11 رُکنی دستہ گزشتہ روز واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچا تھا، پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر بابر راجا سمیت دیگر عہدیداران نے مہمان فائٹرز کا استقبال کیا۔
بھارتی مکسڈ مارشل آرٹس کا دستہ واہگہ بارڈر کے ذریعے لاہور پہنچا تو پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس کے فیڈریشن کے صدر بابر راجہ اور دیگر عہدیداروں نے مہمان فائٹرز اور سپورٹ سٹاف کے اراکین کو گلدستے پیش کیے۔
یہ بھی پڑھیں: مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپیئن شپ، پاکستانی خواتین فائٹرز نے گولڈ میڈلز جیت لیے
آج بھارتی پردیپ بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ مونیکا بھی پاکستان پہنچی ہیں جو ان کی کوچ بھی ہیں۔
بھارتی فائٹر پردیپ نے لاہور میں نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے پاکستانی فائٹرز کو سوشل میڈیا پر دیکھا ہے ٹکر کا مقابلہ ہو گا،اس کے لیے تیاری خوب کی ہے۔
پردیپ نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ مونیکا کے ساتھ ٹریننگ کرتے ہیں، جو ان کوچ اور ان سے سینیئر بھی ہیں۔ ’مونیکا مجھ سے پہلے ایم ایم اے کررہی ہیں، میں پہلے ریسلز تھا اور پھر باکسنگ میں چلا گیا تھا، اس لیے مونیکا کا تجربہ مجھ سے زیادہ ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں: 70 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پاکستانی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر کا اگلا ہدف کیا ہے؟
ہردیت کی اہلیہ و کوچ مونیکا نے کہا ’میں کوچ کی حیثیت سے ڈانٹنے کا شوق پورا نہیں کرتی لیکن میں ان کو بتاتی ضرور ہوں کبھی بات مان جاتے ہیں کبھی اپنی کرجاتے ہیں، ہمارا دو سالہ بیٹا ساتھ نہیں آیا اسے مس کرتے ہیں لاہور پہنچتے ہی گھر بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پاکستان میں گھومنے پھرنے کا پلان ہے لیکن وقت کم ہے مقابلے کے لیے ٹریننگ کرنی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مکسڈ مارشل آرٹس مقابلے 27 اکتوبر کو لاہور میں ہوں گے۔