اپنا پہلا انتظامی قدم اٹھاتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کے تحت قائم کردہ کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جسٹس منیب کا بینچ میں بیٹھنے سے انکار، چیف جسٹس نے پریکٹس اینڈ پروسیجرکمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا
چیف جسٹس یحییٰ کی سربراہی میں نئی تشکیل کردہ 3 رکنی کمیٹی میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر بحیثیت اراکین شامل کیے گئے ہیں۔
آج صبح ایوان صدر میں چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھانے کے بعد جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے کی جانیوالی عدالت عظمیٰ کی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی تشکیل نو کا رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس 2024 عدالت میں چیلنج
مذکورہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سمیت کمیٹی میں عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کی مذکورہ کمیٹی میں سبکدوش چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین خان شامل تھے۔