گیری کرسٹن مستعفیٰ، ’عاقب جاوید حالات خراب کر رہے ہیں‘، کرکٹ پرستار پھٹ پڑے

پیر 28 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی سی بی کے ساتھ اختلافات کے باعث پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

گیری کرسٹن کے استعفیٰ کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر مختلف ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔  ایک صارف نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے کتنی شرمندگی کی بات ہے کیونکہ گیری کرسٹن دنیا کے بہترن کوچوں میں سے ایک تھے انہوں نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انا اور طاقت کی بھوک میں وہ کرکٹ کے لیے حالات خراب کر رہے ہیں۔

رچرڈ نامی صارف نے دو تصاویر میں کرکٹ کا موازنہ کیا ایک تصویر میں گیری کرسٹن 2011 کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد سریش رائنا اور ویرات کوہلی کے کندھوں پر بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ دوسری طرف ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپریل میں 2 سالہ معاہدہ کیا تھا لیکن 6 ماہ بعد ہی وہ اس ذمہ داری سے دستبردار ہو گئے۔ انہوں نے پاکستان کی کرکٹ کا مقابلہ ہندوستان کرکٹ سے کرتے ہوئے کہا کہ یہ دو تصاویر 2 ممالک میں کرکٹ کی تعریف کرتی ہیں۔

سپورٹس جرنلسٹ ارفع فیروز لکھتے ہیں کہ گیری کرسٹن پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم تھے۔ وہ پی سی بی کے ساتھ پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنا چاہتے تھے تاہم پی سی بی ان وعدوں سے پیچھے ہٹ گیا جس سے گیری کرسٹن کو تکلیف ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے گیری کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے پر مجبور کر دیا۔

انڈین سپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے لکھا کہ گیری کرسٹن نے صرف 6 ماہ بعد اس کام سے استعفیٰ دے دیا۔ کیا گجرات ٹائٹنز آئی پی ایل کے اگلے سیزن میں انہیں بطور کوچ واپس لیں گے؟

گیری کرسٹن نے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی 2024 سے 10 روز قبل قومی ٹیم کو امریکا میں جوائن کیا تھا لیکن گیری کرسٹن اختیارات محدود کیے جانے پر ناخوش تھے۔ سلیکٹرز کو 15 رکنی ٹیم اور پلیئنگ الیون کا اختیار سونپنے اور اس کا کھل کر اظہار انہوں نے بورڈ کے اعلیٰ حکام سے بھی کیا تھا۔ واضح رہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی کے بعد کپتان اور کوچ کے اختیارت محدود کر دیے گئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن کے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کوچ جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا کے لیے کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp