بنگلہ دیشی سینیئر صحافی انیس عالمگیر کی گرفتاری، عالمی ادارے کی طرف سے تشویش کا اظہار

بدھ 17 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیشی حکام نے سینیئر صحافی انیس عالمگیر کو دہشتگردی کے الزامات کے تحت گرفتار کرنے پر عالمی ادارے کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (CPJ) نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی پر عائد تمام الزامات فوری طور پر ختم کیے جائیں، انہیں بلا شرط رہا کیا جائے اور قومی سلامتی کے قوانین کے ذریعے میڈیا کو نشانہ بنانے کا سلسلہ روکا جائے۔

سی پی جے کے مطابق 15 دسمبر کو پولیس نے انیس عالمگیر اور 3 دیگر افراد کے خلاف بنگلہ دیش کے انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت تفتیش شروع کی۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹاک شوز اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے مبینہ طور پر پروپیگنڈا کیا اور کالعدم عوامی لیگ پارٹی کو بحال کرنے کی سازش کی۔ یہ بات مختلف مقامی میڈیا رپورٹس میں سامنے آئی ہے۔

سی پی جے کے ایشیا پیسیفک پروگرام کے کوآرڈینیٹر کنال مجمدر نے کہا کہ ’اہم قومی انتخابات سے چند ماہ قبل کسی صحافی کو انسدادِ دہشتگردی کے قانون کے تحت حراست میں لینا عبوری حکومت کے آزادیٔ صحافت سے وابستگی پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے، جو جمہوریت کا بنیادی ستون ہے۔ بنگلہ دیشی حکام کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر سینئر صحافی انیس عالمگیر کو رہا کریں اور حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں کو نشانہ بنانا بند کریں۔‘

یہ بھی پڑھیے عوامی لیگ کی حمایت پر بنگلہ دیشی صحافی گرفتار، 7 روزہ ریمانڈ کی درخواست

انیس عالمگیر، جو ماضی میں جنگی نامہ نگار رہ چکے ہیں اور 2001 میں افغانستان جبکہ 2003 میں عراق کی جنگ کی رپورٹنگ کر چکے ہیں، کو 14 دسمبر کو ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کی ڈیٹیکٹو برانچ نے دارالحکومت کے ایک جم سے گرفتار کیا تھا۔

ان کی گرفتاری ایک ایسے شخص کی شکایت کے بعد عمل میں آئی جس نے خود کو ایک احتجاجی تحریک کا منتظم بتایا۔

یہ تحریک گزشتہ برس جولائی میں شروع ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں طویل عرصے سے اقتدار میں رہنے والی وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کو مستعفی ہونا پڑا اور عوامی لیگ پر پابندی عائد کر دی گئی۔ بنگلہ دیش میں اگست 2024 سے نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت قائم ہے۔

بنگلہ دیش میں آئندہ عام انتخابات 12 فروری کو منعقد ہونے والے ہیں۔ اگر انیس عالمگیر انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت مجرم قرار پائے تو انہیں عمر قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سی پی جے کا کہنا ہے کہ وہ یہ معلوم نہیں کر سکا کہ انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کی کون سی شقیں انیس عالمگیر پر لاگو کی گئی ہیں، کیونکہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کی کاپی دستیاب نہیں ہو سکی۔ 15 دسمبر کو ڈھاکہ کے ایک مجسٹریٹ نے پولیس کو انیس عالمگیر سے تفتیش کے لیے 5 روزہ ریمانڈ دے دیا۔

یہ بھی پڑھیے ڈھاکہ میں صحافی اور اداکارہ پر انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت شکایت، تفتیش جاری

انیس عالمگیر کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں کئی دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے۔ حالیہ برسوں میں وہ سوشل میڈیا اور ٹی وی پروگراموں میں بنگلہ دیش کی قومی سیاست، سیکیورٹی معاملات اور میڈیا کی آزادی پر تبصرہ کرتے رہے ہیں۔

سی پی جے کے مطابق بنگلہ دیش میں صحافیوں پر حملوں میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، جہاں صرف فروری 2025 میں کم از کم 17 صحافیوں پر تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ادارے نے سیکیورٹی قوانین کے تحت متعدد گرفتاریوں اور حراستوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔

دوسری جانب ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس نے سی پی جے کی جانب سے بھیجی گئی تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی ردِعمل نہیں دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان اور صومالیہ میں بحری دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

چین کی طرز پر اسلام آباد میں لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سینٹر قائم ہوگا، محسن نقوی

پاکستان اور امریکا کا دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

خواتین نے مینگرووز کے جنگلات بحال کرکے دارالحکومت کو سمندر کے خطرات سے بچانا شروع کردیا

افغانستان دہشتگرد گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ بن چکا، عالمی برادری مؤثر اقدامات کرے، پاکستان

ویڈیو

سولر انقلاب کے بعد پاکستان کا اگلا بڑا امتحان، ماہرین کا بیٹری اسٹوریج اور اسمارٹ گرڈز کی اہمیت پر زور

آزاد کشمیر میں اقتدار کی دوڑ تیز، ن لیگ کی سادہ اکثریت، وزارت عظمیٰ کے لیے بڑے نام سامنے آگئے

صومالی وزیرِ دفاع کی نیول اور ایئر ہیڈکوارٹرز آمد، دفاعی شراکت داری، تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے پر اتفاق

کالم / تجزیہ

گلا سڑا نظام اور وزیر داخلہ کی تقریر

کشمیر: بین الاقوامی قانون کیا کہتا ہے؟

پہلا دروازہ