وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر خوشحالی و ترقی کی منازل طے کریں گے۔ فیوچر انوسٹمنٹ سعودی عرب کا ویژنری منصوبہ ہے، ہم سعودی عرب کی ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت فراہم کریں گے، امید ہے رواں پروگرام آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیزالفالح اور مشیرِ شاہی دیوان سے ملاقات۔ ملاقات میں شہباز شریف کی کابینہ اور سعودی سرمایہ کاری وفد بھی موجود تھا۔ pic.twitter.com/2Dii3F7Spz
— WE News (@WENewsPk) October 30, 2024
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیزالفالح اور مشیرِ شاہی دیوان نے ریاض میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیرِ اعظم کی خصوصی کاوشوں سے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مزید 600ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم پاکستان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاک سعودی عرب مضبوط اقتصادی شراکت داری کا اعادہ
سعودی عرب کے سرمایہ کاری وفد کے اکتوبر 2024 میں دورہِ پاکستان میں 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط ہوئے، وزیرِاعظم کے حالیہ دورہءِ سعودی عرب میں 600 ملین ڈالر کے اضافے سے مجموعی طور پر پاکستان میں حالیہ سعودی سرمایہ کاری کا حجم 2.8 ارب ڈالر ہوگیا۔
سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہوگئی۔ تاہم، سعودیہ پاکستان سرمایہ کاری منصوبوں میں سے 5 منصوبوں پر کام شروع ہو کر تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔
دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی گفتگو کی گئی، وزیرِ اعظم کی جانب سے سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح کے لیے بھی سعودی حکومت سے بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ہی عملدر آمد شروع کردیا، سعودی ولی عہد کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، مالی معاملات میں پاکستان سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے مفید ملاقات ہوئی، سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھرہے۔ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں سعودی عرب اور پاکستان نوجوانوں کو بااختیار بنا کر اپنا مستقبل بہتر بنا سکتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
خالد بن عبدالعزیزالفالح نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں بہترین مہمان داری پر ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں، دورہ پاکستان میں دونوں ملکوں کے درمیان 27مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے 27سمجھوتوں میں سے 5پر عملدرآمد ہوچکا ہے، سعودی عرب پاکستان میں جدید ہاسپٹل کمپلیکس تعمیرکرے گا، زراعت اور دیگر شعبوں میں سعودی ولی عہد پاکستان کو سب سے زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔