مجھے یقین ہے کہ بابر اعظم کے حق میں ٹوئیٹ فخر زمان نے خود نہیں لکھی، وسیم اکرم

جمعہ 1 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوئنگ کے سلطان اور سابق کپتان وسیم اکرم کہتے ہیں کہ مجھے یقین ہے کہ فخر زمان نے بابر اعظم کے حق میں ٹوئیٹ خود نہیں لکھی۔ یہ فخر زمان کے لیے سبق ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ فخر زمان امپیکٹ کھلاڑی ہے جس نے بھی ٹوئیٹ کیا اس کو بتانا چاہیے تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی وجہ سے آپ کو مسئلہ ہوسکتا ہے۔ یہ فخر زمان کے لیے سبق ہے کہ انہیں سوچ سمجھ کر لکھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے تصدیق کی تھی کہ اوپنر بلے باز فخر زمان کو سابق کپتان بابر اعظم سے متعلق سوشل میڈیا پر بیان بازی اور خراب فٹنس کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فخر زمان کو سوشل میڈیا پر بابر اعظم کے حق میں ٹوئیٹ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں فخر زمان نے سابق کپتان بابر اعظم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ کرنے کے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فخر زمان نے کرکٹ بورڈ کو اپنا وضاحتی بیان جاری کر دیا تھا جو اچھی بات ہے۔ ہم نے بھی پی سی بی کے بین الاقوامی امور کے شعبے میں ان کی اس وضاحت کی بنیاد پر معاملات طے کیے ہیں۔

مزید پڑھیں:فخر زمان کا مستقبل کیا ہوگا؟ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتادیا

محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑی سلیکشن کمیٹی کے فیصلوں پر تنقید نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان کو شوکاز نوٹس موصول ہونے کے بعد فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کی ضرورت ہے۔

فخر زمان کی صلاحیت سے انکار ممکن نہیں، مگر اس کی سلیکشن پر ہم بے بس ہیں، کپتان محمد رضوان

آسٹریلیا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا تھا کہ فخر زمان کھیل پر اثر انداز ہونے والے کھلاڑی ہیں، جو اکیلے ہی میچ کو لے کر چلتا ہے اور یکطرفہ میچ کا رخ موڑ دیتا ہے لیکن کھلاڑیوں کی سلیکشن کا فیصلہ ہم نہیں بلکہ سلیکشن کمیٹی کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp