شادی کے دن کو ہر شخص یادگار بنانے کے لیے مختلف رسومات یا تقریبات کا انعقاد کرتا ہے، آج کل کے دور میں دلہن اور دلہا شادی کی تقریب سے قبل شام کے وقت کسی بھی خوبصورت مقام پر جاتے ہیں اور وہاں پروفیشنل فوٹوگرافر سے تصویریں بنوا کر ان لمحات کو ہمیشہ کے لیے محفوظ کرلیتے ہیں۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں واقع کچنار پارک قدرتی درختوں اور رنگ برنگے پھولوں کے باعث انتہائی خوبصورت نظر آتا ہے اور اس پارک میں ہر دوسرے دن مختلف جوڑے تصویریں بنواتے نظر آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں ’پیزا ڈکیت گروہ‘، فیصل آباد میں ڈکیتی کی انوکھی واردات
گزشتہ روز اسی طرح ایک شادی شدہ جوڑا اپنی شادی کے دن تصویریں بنوانے کے لیے پارک میں موجود تھا، اس دوران موٹرسائیکل پر سوار ایک ڈاکو آیا اور دلہن سے تمام زیور لے لیا جبکہ دلہن اور دلہے کا موبائل فون بھی لوٹ لیا۔
ڈاکو نے دلہا دلہن کی تصویریں بنانے والے فوٹوگرافرز سے بھی دو کیمرے ہتھیا لیے اور اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر موقع سے فرار ہوگیا۔
وی نیوز نے واقعہ کی کھوج لگائی تو معلوم ہوا کہ پی ڈبلیو ڈی اسلام آباد کا رہائشی محمد حامد مظہر اپنی بہن، بہنوئی اور ایک چھوٹے بھائی کے ہمراہ ہفتے کے روز شام ساڑھے 4 بجے اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں واقع کچنار پارک میں فوٹو شوٹ کرا رہے تھے۔
واقعے کے مطابق اس دوران ایک نوجوان پینٹ شرٹ میں آیا اور پستول دکھا کر دلہن سے 20 ہزار مالیت کے آرٹیفیشل زیورات، دلہن، دلہے اور دلہن کے دو بھائیوں کے 4 موبائل فون مالیت ایک لاکھ 85 ہزار اور دو پروفیشنل کیمرے لے کر دور کھڑے اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر فرار ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد پولیس کی کارروائی، ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں مطلوب 4 ملزمان گرفتار
تھانہ انڈسٹریل ایریا آئی نائن کے ایس ایچ او کے مطابق پولیس نے کارروائی کرکے آج ان ڈکیتوں کو گرفتار کرلیا ہے اور ان سے آرٹیفیشل زیورات، موبائل اور کیمرے برآمد کرلیے ہیں۔