دیوالی کو ہندو برادری کا سب سے بڑا تہوار سمجھا جاتا ہے۔ اسے دنیا بھر میں ہندو برادری بڑے جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہے۔ حال ہی میں بعض مسلمان سیلیبرٹیز نے بھی مذہبی روا داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندو برادری کی دیوالی تقریب میں حصہ لیا۔
دیوالی پارٹی کی میزبانی پاکستانی فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے کی جس میں ثروت گیلانی، فہد مرزا، سونیا حسین، صنم سعید، محب مرزا، تارا محمود، شہریار منور صدیقی اور ماہین صدیقی سمیت پاکستانی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’آپ سے نفرت ہو رہی ہے‘، اداکارہ سونیا حسین سے اتنی نفرت کیوں کی جارہی ہے؟
اداکارہ سونیا حسین نے دیوالی منانے کی ویڈیو اپنے انسٹا گرام پر شیئر کی جس میں پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی مشہور شخصیات کو دیوالی پارٹی میں چراغاں کرتے، پٹاخے چلاتے اور میوزک پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سونیا حسین، ثروت گیلانی اور صنم سعید نے ساڑھیاں پہنی ہوئی تھیں اور ماتھے پر بندی بھی لگائی تھی۔ ویڈیو میں انہوں نے ایک دوسرے کو اور اپنے مداحوں کو دیوالی کی مبارکباد بھی دی۔
سونیا حسین نے دیوالی پارٹی کی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں اورعقائد کا ایک خوبصورت امتزاج ہے، اور ہمیں اپنی اقلیتوں کو اس ملک کا اہم حصہ سمجھتے ہوئے ان کا جشن منانا چاہیے جیسا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا کہ ’آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں آپ کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے تعلق رکھ سکتے ہیں، اس کا ریاست کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں‘
یہ بھی پڑھیں: ہم اسٹائل ایوارڈز: کس کو کون سا ایوارڈ ملا؟
سونیا حسین نے لکھا کہ یہ قول ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر کمیونٹی ہمارے معاشرے کو خوبصورت بناتی ہے۔ آئیں، ہم سب کے حقوق اور آزادیوں کا احترام کریں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مل کر ایک ایسا مستقبل بنا سکتے ہیں جو احترام، اتحاد اور محبت سے بھرا ہو۔
View this post on Instagram
صارفین کو سونیا حسین اور دیگر شخصیات کا یہ انداز ایک آنکھ نہ بھایا، سائرہ مزمل نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں اپنا جشن منا سکتی ہیں لیکن آپ کیوں منا رہے ہیں؟ جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی ہندو شخصیت کو اس طرح مسلمانوں کا جشن مناتے نہیں دیکھا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ سونیا حسین کو ان فالو کر رہے ہیں۔
ثاقب نامی صارف نے لکھا کہ مسلمان کب سے دیوالی منانے لگے، جہاں کئی صارفین نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں چند صارفین ان کے اس عمل کو سراہتے بھی نظر آئے۔ ایک ہندو صارف نے لکھا کہ ہم تقسیم سے پہلے ایک تھے، میرے دادا اردو بولتے اور لکھتے تھے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ بھارت میں عید مناتے ہیں اور پاکستان میں دیوالی کا جشن مناتے دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہو رہی ہے۔
کئی صارفین نے سونیا حسین کے دیوالی منانے کے انداز کو شرمناک قرار دیا۔ کسی نے کہا کہ یہ شخصیات بھول چکی ہیں کہ یہ مسلمان ہیں انہیں دوبارہ اسلام سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اللہ انہیں ہدایت دے۔
متعدد صارفین یہ کہتے نظر آئے کہ وہ سونیا حسین کو بہت پسند کرتے تھے لیکن دیوالی پورٹی کے بعد وہ ان کے دل سے اتر گئی ہیں۔ کسی نے کہا کہ اداکار یہ سب صرف بالی ووڈ میں ایک چانس حاصل کرنے کے لیے کرتے ہیں۔