اسلام آباد میں سیکٹر جی نائن میں دن دہاڑے کیش وین لوٹنے اور فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور 3 افراد کو زخمی کرنے والے ڈکیت کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی رضا نے اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ واقعہ 29 اکتوبر کو پیش آیا تھا، اسلام آباد پولیس کی ٹیم نے سخت محنت کرکے ملزم کو 5 دن میں گرفتار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: ڈاکوؤں کا کیش وینز پر 2 دن میں تیسرا حملہ، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں اسلام آباد پولیس کے علاوہ سی ٹی ڈی نے بھرپور کردار ادا کیا، ملزم کو کیمروں، ڈیجیٹل سرویلنس اور ڈیٹا اینالیسز کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ ملزم کو آج صبح گرفتار کیا گیا، ملزم کے قبضہ سے ملزم سے رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل، اسلحہ اور دیگر اشیا برآمد کی گییں، ملزم کو گرفتاری کرنے کے بعد اس سے تحقیقات کی گئیں اور مختلف چیزوں کی تصدیق کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: تھانوں کی گلیاں بھی غیر محفوظ، بینک کی کیش وینز پر ڈاکوؤں کے حملے، ڈرائیور اور 3 گارڈ زخمی
انہوں نے بتایا کہ ملزم کی عمر 24 سال ہے اور اس کا تعلق سرگودھا کے ایک گاؤں سے تھا، ملزم اسلام آباد میں الیکٹریشن کا کام کرتا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ لوٹ مار کی وارداتیں بھی کرتا تھا، ملزم کے خلاف پنجاب میں پہلے چالان کیے گئے تھے، سرگودھا پولیس نے ملزم کو پکڑا تھا جس کے بعد اس کا چالان ہوا، بعدازاں وہ جیل کاٹ کر باہر آگیا۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ ملزم 4 سے 5 سال قبل اسلام آباد آیا تھا، اسے شہر کی گلی کوچوں کا بخوبی اندازہ تھا، اس وجہ سے ملزم کو پکڑنے میں دشواری بھی ہورہی تھی، ملزم نے وارداتیں کرکے پیسہ اکٹھا کیا اور پھر کلاشنکوف خریدی، جس ڈیلر سے خریدی پولیس اس تک بہت جلد پہنچ جائے گی اور اس بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: بینک کی گاڑی لوٹنے، گارڈ کو مارنے والا گینگ گرفتار
انہوں نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کیا جاچکا ہے، اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، وزیر داخلہ محسن نقوی کا ویژن ہے کہ اسلام آباد کو کرائم فری سٹی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو سیکٹر جی نائن میں کیش وین لوٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ملزم کیش وین کے گارڈ پر فائرنگ کرکے اس سے رقم کا تھیلا چھین کر فرار ہوگیا تھا، واقعہ میں ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔