محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا کے سابق اعلیٰ افسران کے ساتھ متعدد سرکاری گاڑیاں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ سابق افسران کے پاس 70 سے زیادہ قمیتی سرکاری گاڑیوں کی موجودگی کی دستاویز منظرعام پر آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر علی امین گنڈاپور کے احکامات پر گاڑیوں کی واپسی کے لیے محکمہ نے کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے متعدد سابق سیکرٹریز و ڈائریکٹر جنرل کے پاس متعدد گاڑیاں موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کا ایکسائز کی کارروائیوں میں پکڑی جانے والی گاڑیاں سرکاری محکموں کو دینے کا فیصلہ
متعدد سابق افسران میں سے کسی کے پاس 4، کسی کے پاس 3 اور کسی کے پاس 2گاڑیاں موجود ہیں۔ عاطف الرحمان سابق ڈی جی کے پاس 3اعلیٰ کوالٹی کی گاڑیاں ہیں۔
اسلام زیب سابق سیکرٹری ایکسائز کے پاس 4گاڑیاں، اسد ہاورن کے پاس 4گاڑیاں جن میں سے ایک شاہ زور گاڑی بھی شامل ہے۔ ثاقب رضا سابق ڈی جی کے پاس 3، عادل شاہ کے پاس 3، عسکر خان 2، رحمت علی وزیر 2، حبیب وزیر 2، انعام اللہ 3، گاڑیاں ساتھ لے گئے ہیں۔
اسی طرح اقبال حیدر سابق سیکرٹری 4 گاڑیاں جبکہ سابق ڈی جی ایکسائز ظفراسلام 3، گاڑیاں محکمہ سے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ شاہ فہد رفیق مہمند، محمد طاہرعبدوالی، منصور ارشد، مشرف مروت، یوسف کریم، سید مظہرعلی شاہ، عطاالرحمن ہمایوں، ظاہرشاہ، محمد اکبر، نسیم خان، خالد مطیع اللہ، شاہ نواز، انعام گنڈاپور اور فضل الٰہی ایک ایک گاڑی اپنے ساتھ لے کر قابض ہو چکے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق محکمہ ایکسائز کے متعدد سابق سیکریٹری و ڈائریکٹر جنرل کے پاس متعدد گاڑیاں موجود ہیں، متعدد سابق افسران کے ساتھ 3،3 اور 2،2 گاڑیاں موجود ہیں۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق لسٹیں تیار کرکے انٹیلی جنس سمیت ایکسائز کے تمام اسکواڈز کو فراہم کردی گئی ہیں، گاڑیاں واپس نہ کرنے پر متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں شروع کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: ایکسائز اہلکاروں کی گرفتاری کا معاملہ، انکوائری کمیٹی قائم
محکمہ ایکسائز کی جانب سے گاڑیاں واپس نہ کرنے پر افسران سے ریکوری کے لیے ان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تاہم، محکمہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑیوں میں موجود فیملی ممبران کے ساتھ رویہ مثبت رکھا جائے۔
محکمہ ایکسائز نے بتایا کہ ایکسائز گاڑیوں کی ریکوری میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ کے احکامات پر اس دفعہ ہر صورت سرکاری گاڑیوں کی ریکوری کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ 6گاڑیاں پکڑی گئی تھیں، لیکن اعلیٰ افسران کی مداخلت پر واپس چھوڑ دی گئی ہیں۔ 2سرکاری گاڑیاں خصوصی اسکواڈ نے پکڑ کر ویئرہاؤس میں پارک کردی ہیں۔