انتخابی نتیجہ آگیا لیکن کملا ہیرس کی چندہ مہم نہیں رکی، کتنے کروڑ ڈالر جمع؟

جمعہ 15 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کے صدارتی انتخابات کے کئی روز بعد بھی فاتح ڈونلڈ ٹرمپ کی حریف کملا ہیرس کی انتخابی مہم کے لیے چندہ طلب کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق کملا ہیرس کی ناکام صدارتی دوڑ پہلے ہی خاصی مہنگی رہی ہے اور اب اس میں مزید اضافے کی کوششیں دیکھی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ری پبلکنز نے میدان مارلیا،یہ حیرت انگیز فتح ہے جو پہلے کسی کو نہیں ملی، ڈونلڈٹرمپ کا کامیابی پر خطاب

کملا ہیرس کی انتخابی مہم (ہیرس فائٹ فنڈ) کے لیے 16 اکتوبر تک جمع ہونے والے چندے کی کل رقم 99 کروڑ 72 لاکھ ڈالر سے زائد ہے جبکہ مذکورہ فنڈ کی جانب سے اب بھی چندے کی اپیل کی جارہی ہے۔ حالاں کہ امریکا کے صدارتی انتخابات 5 نومبر کو ہوچکے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی حاصل کی لیکن اس کے باوجود لوگوں کو پیر کے روز تک بھی چندہ دینے کی اپیل موصول ہوئی ہے۔

ان پیغامات میں لوگوں سے اپیل کی گئی کہ رات تک کم از کم 50 ڈالر اس فنڈ میں جمع کروادیں۔ اپیل میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہیرس فائٹ فنڈ کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی و دیگر معاملات کے لیے رقم درکار ہے۔

مزید پڑھیے: ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ میں نئی تعیناتیاں، وزیر خارجہ کا اہم منصب کون سنبھالے گا؟

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اعدادوشمار کے مطابق 16 اکتوبر تک میڈیا پر 680 ملین ڈالر صرف ہوئے کبکہ تقاریب اور سفر کی مد میں 50 ملین ڈالر اور اسٹاف کی تنخواہوں پر 45 ملین ڈالر خرچ ہوئے۔ تاہم یہ 16 اکتوبر تک کے مصارف ہیں جبکہ اس کے بعد کتنے ہوئے اس کی تفصیل ابھی پتا نہیں۔

واضح رہے کہ 16 اکتوبر تک ہیرس فائٹ فنڈ میں 99 کروڑ 72 لاکھ ڈالرجبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے 38 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اکٹھے ہوئے۔ ری پبلکن کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان کیا تھا کہ ان کی انتخابی مہم کے لیے جمع کیے گئے چندے میں خاصی رقم بچ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کی فتح: بٹ کوائن نئی تاریخی بلندی پر پہنچ گیا

رپورٹ میں کہا گیا کہ اب تک یہ پتا نہیں چل سکا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس کے لیے جمع کی گئی رقم میں سے کچھ بچا بھی ہے یا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp