سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف عمرے کی ادائیگی کی غرض سے لندن سے سعودی عرب پہنچ گئے۔
سعودی عرب پہنچنے کے بعد نوازشریف کنگ عبدالعزیز ایئر پورٹ سے ہوٹل کے لیے روانہ ہوئے۔ پارٹی کی سینیئر نائب صدر و چیف آرگنائزر اور نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف اہل خانہ کے ہمراہ پہلے ہی سعودی عرب پہنچ چکی ہیں۔
قائد ن لیگ رمضان کا آخری عشرہ اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ سعودی عرب میں گزاریں گے اور عمرے کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔
دورہ سعودی عرب میں نواز شریف اور مریم نواز شاہی خاندان کے خصوصی مہمان ہوں گے جس کے لیے ان کے علاوہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو بھی شاہی دعوت دی گئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے اہل خانہ پہلے سے ہی سعودی عرب میں موجو د ہیں جبکہ وزیراعظم بھی ممکنہ طور پر عمرے کے لیے سعودی عرب جائیں گے۔