وزیراعلیٰ خیبرپختوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے حوالے سے کہا ہے کہ اس بار خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے عمران خان کو جیل سے نکالنے کا مکمل تہیہ کر رکھا ہے۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ 24 نومبر کے احتجاج کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے پورا بندوبست کیا گیا ہے، جعلی حکومت رکاوٹیں کھڑی کرنے کی حماقت نہ کرے۔
یہ بھی پڑھیں: احتجاج کی تیاری مکمل، واپسی تب ہوگی جب مطالبات پورے ہوں گے، علی امین گنڈاپور
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی رکاوٹیں عبور کرکے اسلام آباد پہنچے تھے، اس بار بھی پہنچیں گے، کنٹینرز عوام کے جوش و جذبے کے سامنے ریت کی دیواریں ثابت ہوں گے اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں خیبرپختونخوا کا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ اس بار مطالبات کی منظوری تک واپسی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کو نکال کر مینڈیٹ کو واپس کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: بتا نہیں سکتا لیکن ہماری حکمت عملی سخت ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
چند روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری تیاری تو پہلے سے ہی مکمل تھی، احتجاج کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، بہترین طریقے سے احتجاج کریں گے، پہلے بھی بتایا تھا اب پھر بتا رہا ہوں کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوں گے واپسی نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ 13 نومبر کو علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے سامنے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے 24 نومبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی حکومت کی سیاسی لاش علی امین گنڈاپور دفنائیں گے، بیرسٹر سیف
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اب ہمیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، پوری پارٹی اور لیڈرشپ کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ کیا کرنا ہے اور کس طرح کرنا ہے۔
علیمہ خان نے عمران خان کا پیغام عوام تک پہنچاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے چوری شدہ مینڈیٹ، ناحق گرفتاریوں اور 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف وکلا، سول سوسائٹی، کسان اور طلبہ کو 24 نومبر کو احتجاج اور اپنے مستقبل کے لیے نکلنے کی ہدایت کی ہے۔