وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دفاعی نمائش آئیڈیا 2024 میں دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھا سکیں گے، دفاعی نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا۔
کراچی میں 4 روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیا 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت اشاریوں کی جانب گامزن ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو دنیا بھر میں امن کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئیڈیاز 2024: پاکستان کی دفاعی قوت اور شراکت داری کے نئے دور کا آغاز
خواجہ آصف نے کہا کہ علاقائی امن، سماجی، اقتصادی ترقی کے لیے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات سے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک پرائیویٹ سیکٹرز دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی۔
مقامی طور پر تیار کردہ ڈرون سسٹم
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال بھی شریک ہوئے۔ وہ مقامی سطح پر تیار کردہ اینٹی ڈرون سسٹم کا افتتاح کریں گے، اینٹی ڈرون سسٹم اسپائیڈر 10 کلومیٹر دور سے ڈرون کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دوسری جانب، ڈرون شاہپر تھری 3 ہزار کلومیٹر رینج میں اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، شاہپر تھری 30 ہزار فٹ بلندی تک مسلسل 40 گھنٹے اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، شاہپر تھری 16 ہزار کلوگرام بارودی مواد اور میزائلوں سے لیس ہے۔
نمائش سے ملکی دفاع کی صنعت کو فروغ حاصل ہوگا، ڈی جی DEPO
دفاعی نمائش 2024 کے 12ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈیفنس ایکسپورٹس پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے ڈی جی میجر جنرل اسد نواز خان نے مختلف ممالک سے آئے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ دفاعی نمائش انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے دفاعی نمائش کے انعقاد پر مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے ملکی دفاعی صنعت کو فروغ حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کی سافٹ لانچنگ، غیر ملکی سفارتکار کیا کہتے ہیں؟
ایونٹ میں عالمی دفاعی صنعت کے رہنما، حکام اور ماہرین جمع ہوں گے۔منتظمین کے مطابق ایکسپو نمائش میں جدید اور روایتی دفاعی آلات، ہتھیاروں کے نظام اور گاڑیوں کی وسیع رینج کی نمائش کی جائے گی۔ آئیڈیاز 2024 میں اسلحہ، ٹینک، جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور بحری جہازوں کی نمائش کی جائے گی، آبدوزیں، ڈرونز، میزائل، سائبرڈیفنس، سیٹلائٹ اور الیکٹرانک وارفیئرا سسٹمز بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔
دفاعی ساز و سامان کی نمائش میں کون سے ممالک شریک ہوں گے؟
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر مستحکم اور قومی سلامتی یقینی بنانے میں پیش پیش ہے، آئیڈیاز 2024 میں ایشیا، مشرق وسطی اور جنوب مغربی ایشیا کے اہم ممالک شریک ہوں گے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، ترکیہ، ایران، یمن، چین، بھارت، جاپان، ملائیشیا، سنگاپور اور دیگر ممالک شریک ہوں گے۔آئیڈیاز 2024 کے لیے حکومت کے سخت حفاظتی اقدامات کے باعث کراچی میں شاہراہ فیصل اور حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ کے ساتھ واقع سکول 19 سے 22 نومبر تک بند ر ہیں گے ۔ نجی سکولز ڈائریکٹوریٹ نے کہا ہے کہ شارع فیصل اور حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ پر تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔