وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں امن و امان کی صورتحال پیدا کرکے این آر او حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ان کو فیض حمید سے متعلق خوف ہے تو یہ فطری بات ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست کسی جتھے کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی، جو بھی قانون کو ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی، اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور وزیراعظم اور آرمی چیف کی موجودگی میں عمران خان کی قید کے خلاف بول پڑے
انہوں نے کہاکہ آج اگر ہم دباؤ میں آکر عمران خان کے مطالبات مان لیں تو کل پھر کسی دہشتگرد کے بھی ماننے پڑیں گے، ریاست ایسے نہیں چل سکتی۔
احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان جب بھی ترقی کرتا ہے پی ٹی آئی فساد پھیلاتی ہے، انہوں نے ایس سی او اجلاس کے موقع پر بھی دباؤ ڈال کر این آر او حاصل کرنے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت دہشتگردی کے چیلنج کا سامنا ہے، آج نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد دہشتگردی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ کوئی سیاسی فورم نہیں تھا کہ سیاسی بات چیت کی جاتی، علی امین گنڈاپور دو کشتیوں کے سوار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں چوری شدہ مینڈیٹ واپس کیا جائے، عمران خان نے جمعرات تک کی ڈیڈلائن دیدی
انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں، امید ہے کہ وہ ایپکس کمیٹی کا احوال پارٹی رہنماؤں تک پہنچائیں گے۔