سینیئر اداکار فردوس جمال حالیہ دنوں میں اپنی نجی زندگی کے حوالے سے خبروں میں ہیں، گزشتہ دنوں یہ بھی خبریں چلی تھیں کہ اداکار کی اہلیہ نے خلع کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی ہے اور فردوس جمال اہلیہ اور بیٹوں سے جھگڑے کے باعث اپنے خاندان سے دور الگ رہ رہے ہیں۔
اب حال ہی میں فردوس جمال کے بیٹےبازل فردوس نے ایک پیغام کے ذریعے اپنے خاندان کو بدنام کرنے پر یوٹیوبرز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ اپنی خبروں میں ان کے خاندان کی تصاویر کا استعمال بند کریں۔
یہ بھی پڑھیں: خاندان کے افراد سے جھگڑا کیا ہے، گھر کیوں چھوڑا؟ فردوس جمال نے وجہ بتا دی
بازل فردوس نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بہت سی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جس میں ان کی والدہ، بہنوں اور اہلیہ کو ڈسکس کیا جا رہا ہے یہ سب دیکھنا بہت تکلیف دہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام یو ٹیوبرز کو آخری وارننگ دے رہے ہیں جو ویووز حاصل کرنے کے لیے ویڈیوز بنا رہے ہیں وہ ایسا کرنا بند کر دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا تعلق ایک پٹھان فیملی سے ہے اور ہم اپنی عورتوں کو سوشل میڈیا پر نہیں لے کر آتے میرے خاندان کی خواتین کو میڈیا میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ میری بیوی ایک ہاؤس وائف ہے اور وہ ہاؤس وائف ہی رہنا چاہتی ہے اس لیے یو ٹیوبرز انٹرویو ضرور کریں لیکن کم از کم ان کے خاندان کے بارے میں بات نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: اہلیہ نے خلع نہیں لی، فردوس جمال نے بیٹے کے بیان پر خاموشی توڑ دی
انہوں نے امبرین فاطمہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سب سے پہلے ایک ویڈیو بنائی جو وائرل ہوئی اور بحث شروع ہو گئی۔ وہ ویڈیو نہ بناتیں تو انہیں یہ سب نہیں سہنا پڑتا۔ انہوں نے مقبول انسٹاگرام پیج ’گلیکسی لالی ووڈ‘ کو کہا کہ وہ بار بار ان کی والدہ کی تصاویر کا استعمال کر رہے ہیں جبکہ انہیں اس کام سے منع کیا گیا تھا۔
بازل فردوس کا کہنا تھا کہ اگر یوٹیوبرز نے یہ سلسلہ بند نہ کیا تو سب کے خلاف ایف آئی آر کٹوائیں گے اور یہ سب کے لیے آخری وارننگ ہے، انہوں نے عوام سے بھی درخواست کی کہ کوئی بھی بات سن کر اس پر رائے قائم نہ کیا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: فردوس جمال کا متنازع بیان، ہمایوں سعید نے خاموشی توڑ دی
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بچوں کو بیرون ملک تعلیم دی، گھر بنایا، انہیں گاڑیاں لے کر دیں لیکن آج میرے پاس کوئی گاڑی، کوئی گھر نہیں ہےکیوں کہ میں نے اپنا سب کچھ ان کو دے دیا۔
فردوس جمال نے بتایا کہ ان کا اور اہلیہ کا اختلاف گھر کی ایک خاتون کی وجہ سے ہوا، جب انہیں علم ہوا کہ ان کے گھر کی خاتون شوبز میں کام کررہی ہے تو انہوں نے اہلیہ سے سوال کیا کہ اس نے کام کرنے سے پہلے اجازت کیوں نہیں لی؟ جس پر اہلیہ نے کہا کہ آپ سے اجازت کی کیا ضرورت ہے؟ اس جواب سے مجھے اندازہ ہوا کہ میری اپنے ہی گھر میں کوئی اہمیت نہیں ہے، میں نے اس کے بعد گھر چھوڑ دیا کیوں کہ جہاں آپ کی عزت نہ ہو ایسے گھر میں نہیں رہنا چاہیے۔
اہلیہ کے خلع لینے کے سوال پر فردوس جمال کا کہنا تھا کہ اگر اہلیہ اور بچے سمجھتے ہیں کہ خلع ان کے لیے بہتر آپشن ہے تو وہ ان کی مرضی ہے لیکن وہ اس کے حق میں نہیں۔