جمعہ کی اولین ساعتوں میں سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس پر مبنی آپریشن میں 3 خوارجی ہلاک کردیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پشین اور ژوب میں آپریشن، 2 خوارجی ہلاک 5 گرفتار: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارجیوں کے ٹھکانے پر موثر انداز میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں 3 خوارج ہلاک جبکہ 2 خوارج زخمی ہوگئے ہیں۔
خوارجیوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، مارے گئے خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے تھے۔
مزید پڑھیں:بنوں: خوارجیوں کا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ، 12اہلکار شہید، 6خوارج ہلاک
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق بنوں اس علاقے میں کسی اور خارجی کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر آپریشن کیا جا رہا ہے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بنوں میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے آپریشن کے دوران 3 خوارج ہلاک اور 2 زخمی کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ہے۔
مزید پڑھیں:سوات: غیرملکی سفیروں کے قافلے پر حملے میں ملوث 2خوارجی ہلاک، آئی ایس پی آر
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے ملک میں فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسانیت کے ان دشمنوں کے مذموم عزائم کو اس طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحرک ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔