بنوں: خوارجیوں کا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ، 12اہلکار شہید، 6خوارج ہلاک

بدھ 20 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنوں کے علاقے مالی خیل میں خوارجیوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 12اہلکار شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 6خوارجی ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے خوارجیوں کی پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارجیوں کے خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ملحقہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں 12 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت ہوئی۔ شہید ہونے والوں میں سیکیورٹی فورسز کے 10سپاہی اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2سپاہی شامل تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: پشین اور ژوب میں آپریشن، 2 خوارجی ہلاک 5 گرفتار: آئی ایس پی آر

ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے صوبیدار عمران احمد فاروقی شہید کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے ہے، صوبیدار عمران احمد فاروقی شہید کی عمر 44 سال ہے۔ صوبیدار عمران احمد فاروقی شہید نے 25 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔صوبیدار عمران احمد فاروقی شہید نے سوگواران میں اہلیہ، بیٹا اور بیٹی چھوڑے ہیں۔

29 سالہ حوالدار محمد جاوید اقبال شہید کا تعلق ضلع سرگودھا سے ہے، حوالدار محمد جاوید اقبال نے 14 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ حوالدار محمد جاوید اقبال کے سوگواران میں اہلیہ، 4بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

34 سالہ نائیک طہماس احمد شہید کا تعلق ضلع ایبٹ آباد سے ہے، نائیک طہماس احمد شہید نے 15 سال پاک فوج میں گزارے۔ نائیک طہماس احمد شہید کے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

39 سالہ نائیک باسط فرید شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے، نائیک باسط فریدشہید نے 17 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا۔ نائیک باسط فرید شہید کے سوگواران میں والد، اہلیہ اور بیٹا شامل ہیں۔

یہ پڑھیں: سوات: غیرملکی سفیروں کے قافلے پر حملے میں ملوث 2خوارجی ہلاک، آئی ایس پی آر

33 سالہ سپاہی صفدر علی شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے، سپاہی صفدر علی شہید نے 13 سال پاک فوج میں گزارے اور سپاہی صفدر علی شہید کے سوگواران میں اہلیہ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔

32 سالہ سپاہی اسد بشیرشہید کا تعلق ضلع کوہلو سے ہے، سپاہی اسد بشیر شہید نے 13 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔ سپاہی اسد بشیر شہید کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔

38 سالہ سپاہی اعجاز حسین شہید کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان سے ہے۔ سپاہی اعجاز حسین شہید نے 13 سال پاک فوج میں گزارے۔ سپاہی اعجاز حسین شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 2بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ 23 سالہ سپاہی عاطف خان شہید کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 خوارجی دہشتگرد ہلاک

سپاہی عاطف خان شہید نے ایک سال پاک فوج میں گزارا، سپاہی عاطف خان شہید کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔ 30سالہ سپاہی امان اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔

سپاہی امان اللہ شہید نے 8 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا، سپاہی امان اللہ شہید کے سوگواران میں اہلیہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ 22 سالہ سپاہی شاہ زمان شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے۔

سپاہی شاہ زمان شہید نے پاک فوج میں ایک سال گزارا، سپاہی شاہ زمان شہید کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp