کنٹینر کے سامنے جوڑے کا فوٹو شوٹ وائرل، ’اب وزیر داخلہ ان کا نکاح نامہ منسوخ کردے گا‘

پیر 25 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں راستے بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اسلام آباد میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں کہ جن کی شادیاں انہی دنوں ہونی تھیں تاہم راستوں کی بندش کی وجہ سے شادی ہال تک پہنچنا ناممکن ہوگیا۔ اس صورتحال میں کئی جوڑے ایسے بھی ہیں جن کی شادی تو ہوگئی لیکن راستے بند ہونے کی وجہ سے وہ فوٹو شوٹ کی جگہ پر نہیں پہنچ سکے۔

نئے شادی شدہ جوڑے فوٹو شوٹ کے لیے خوبصورت جگہ کا انتخاب کرتے ہیں تاکہ وہ لمحات انہیں ہمیشہ یاد رہیں، اور اسی لیے اسلام آباد میں ایک نوبیاہتا جوڑے نے راستے بند کرنے کے لیے لگائے گئے کنٹینرز کو فوٹو شوٹ کے لیے منتخب کرلیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دلہا اور دلہن کو کنٹینرز کے سامنے فوٹو شوٹ کراتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کنٹینرز پر اسپرے سے 804 بھی لکھا ہوا ہے۔

وائرل ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین اپنی اپنی رائے دے رہے ہیں۔ ایک صارف نے ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’لو جی کمال ہوگیا‘۔

عارفہ عابد نے کنٹینر کے سامنے ہونے والے فوٹو شوٹ پر اپنی رائے دیتے ہوئے لکھا کہ یہ ہمیشہ کے لیے زندہ رہنے والی یادیں ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ عمران خان کے ساتھ محبت نہیں عشق ہے کہ یہ جوڑا کنٹینر کے آگے فوٹو شوٹ کروا رہا ہے۔

عبد الرحمان نے طنزاً لکھا کہ اب وزیر داخلہ اس جوڑے کا نکاح نامہ منسوخ کردے گا۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 2 دلہے اپنی باراتوں سمیت ٹریفک میں پھنس گئے تھے، جنہیں بہت زیادہ منت سماجت کے بعد جانے کی اجازت دی گئی جبکہ لاہور میں راستے بند ہونے کی وجہ سے دلہا اپنی دلہنیا کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر رخصت کرکے لے گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp