بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چکلالہ راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پر مہمان صدر کا استقبال کیا۔
بیلا روس کا ابتدائی 68 رکنی وفد اتوار کو اسلام آباد پہنچا تھا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کا استقبال کیا تھا۔ وفد میں وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر صنعت اوروزیر عدل و انصاف سمیت وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات اور چیئرمین ملٹری انڈسٹری بھی شامل ہیں۔ وفد کے اراکین میں 25 کے قریب وزرا شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بیلا روس کا کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق
پیر کو بزنس ٹو بزنس فورم میں پاک بیلاروس متعلقہ اداروں میں 8 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوئے۔
پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں اور ہم ان کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور ان کے بیلاروسی ہم منصب کی ملاقات
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور بیلاروس کے وزیر انصاف مسٹر کوولینکو ایوگینی کی ملاقات ہوئی۔
اعظم نذیر تارڑ نے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ دونوں وزرا نے قانونی تعلیم اور بار کونسلز ایسوسی ایٹس کے تبادلے میں تعاون کے لیے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
فریقین نے مستقبل کے لیے مشترکہ وژن کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔