پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں 99 رنز سے ہراکر سیریز 1-2 سے جیت لی۔
بلاوایو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 41ویں اوور میں 204 کے مجموعی اسکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔
کریگ ایرون 51 رنز بناکر سرفہرست رہے جبکہ برائن بینیٹ اور شان ولیمز نے بالترتیب 37 اور 24 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال، صائم ایوب اور حارث رؤف نے 2،2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اوپنرز صائم ایوب اورعبداللہ شفیق نے محتاط انداز سے اننگز کا آغاز کیا، تاہم 13ویں اوور میں 58 کے اسکور پر صائم ایوب زمبابوے کے بولر فراز اکرم کی گیند پر کلائیو میڈانڈے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 37 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 10وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز ایک ایک سے برابر
24ویں اوور میں 112 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق بھی آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 68 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 رنز بنائے اور پھر سنکدر رضا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ کپتان محمد رضوان نے 47 گیندوں پر 37 رنز بنائے اور پھر 40ویں اوور میں 201 کے مجموعی اسکور پر سکندر رضا کی گیند پر کلائیو میڈانڈے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کامران غلام نے 99 گیندوں پر 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کے 232 کے مجموعی اسکور پر وہ رچرڈ نگروا کی گیند پر ڈیون مائرز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 273 کے مجموعی اسکور پر سلمان آغا بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 26 گیندوں پر 30 رنز بنائے اور رچرڈ نگروا کی گیند پر برائن بینیٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ283 کے مجموعی اسکور پر گری جب عرفان خان 3 رنز بنانے کے بعد بلیسنگ مزارانی کی گیند پر سیئن ویلیمز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
زمبابوے کی جانب سے اسکندر رضا، رچرڈ نگاروا نے 2 ، 2 جبکہ بلیسنگ مزارانی اور فراز اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ بلاوایو میں ہی کھیلے گئے پہلے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں قومی ٹیم 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز ہی بنا سکی تھی۔
سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ زمبابوے نے پاکستان کو 146 رنز کا ہدف دیا تھا، جوکہ صائم ایوب اور عبداللہ شفق نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 18.2 اوورز میں پورا کرلیا تھا۔ اس میچ میں صائم ایوب نے 53 گیندوں پر کیریئر کی پہلی سینچری اسکور کی تھی۔ انہوں نے 62 گیندوں پر 3 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
پاکستان کا اسکوڈ
محمد رضوان (کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، طیب طاہر، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، عامر جمال، حارث رؤف، ابرار احمد، اور فیصل اکرم
زمبابوے کا اسکواڈ
کریگ ایروائن (کپتان)، برائن بینیٹ، جویلورڈ گمبی، توانداناشے مارومانی، کلائیو میڈانڈے، فراز اکرم، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا اور سین ولیمز
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 62 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، ان میں سے 54 میں پاکستان کامیاب رہا جب کہ زمبابوے کو صرف 5 میچز میں کامیابی مل سکی، ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ 2 بے نتیجہ ختم ہوئے۔