ملک کے بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ اسپیڈ شدید متاثر ہونے کی وجہ صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فائر وال فعال: ملک میں انٹرنیٹ اور وی پی این میں خلل
میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی سے پشاور تک مختلف شہروں میں انٹرنیٹ اسپیڈ میں خلل کی وجہ صارفین کو پیشہ ورانہ اور روزمرہ کے رابطوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔
صارفین کے مطابق براؤزنگ اور ڈاؤن لوڈنگ میں مسائل کا سامنا ہے، انٹرنیٹ سست ہونے سے آن لائن کاروبار کرنے والے بھی پریشان ہیں۔
انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے حوالے سے عدم اتفاق کرتے ہوئے وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ڈیٹا سروس مکمل فعال ہے، ڈیٹا سروس پر تمام ایپس 100 فیصد درست کام کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انٹرنیٹ بند کیا نہ سست، اسپیڈ وی پی این کے زیادہ استعمال سے متاثر ہوئی، شزہ فاطمہ کا دعویٰ
وزیر مملکت کا نجی ٹیلیویژن سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان میں انڈسٹری براڈ بینڈ استعمال کرتی ہے اسے بند نہیں کیا جاتا، موبائل ٹاور پاکستان میں ضرورت سے کم ہیں، اس کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔

شزہ فاطمہ کے مطابق جہاں سیکیورٹی کی بات ہو وہاں وزارت داخلہ پی ٹی اے کو ہدایت دیتی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش کے حوالے سے کہا وزارت داخلہ کی ہدایت کے مطابق ایکس کو بند کیا گیا ہے۔
شزہ فاطمہ کے مطابق پاکستان میں 2 فیصد سے کم لوگ استعمال کرتے ہیں، ایکس کی بندش کا مطلب اظہارِ رائے پر پابندی ہرگز نہیں۔ یوٹیوب، فیس بک سمیت تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اظہارِ رائے کی آزادی ہے۔