پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل میں نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ میں اتوار کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 95 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے صرف 5.3 اوورز میں جیت اپنے نام کر لی۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ: قومی ٹیم نیپال کو 10 وکٹوں سے ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی
پاکستان کے اوپننگ بلے باز کامران اختر نے 21 گیندوں پر63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 13 چوکے لگائے جن میں ایک چھکا بھی شامل تھا۔ ان کا ساتھ ساتھی اوپنر بابر علی نے دیا جنہوں نے 14 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رنز بنائے۔
نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر94 رنز بنائے۔ نیپال کے مڈل آرڈر بلے باز دورگاداتا پاؤدل نے 42 گیندوں پرمحتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 40 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے جبکہ رمیش بانیان نے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 17 رنز بنائے۔
مزید پڑھیے: ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان
نیپال کے باقی بلے باز پاکستان کے بولنگ اٹیک کا مقابلہ نہ کر سکے ان میں سے کوئی بھی ڈبل فگرتک بھی نہ جا سکا۔
پاکستان کی جانب سے مطیع اللہ نے 4 اوورز میں 3 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بدر منیر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ: ٹیم پاکستان نہ بھیجنے پر بھارت کا ورلڈ بلائنڈ کونسل کو خط
بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 کا فائنل مقابلہ منگل کو گرین شرٹس اور سری لنکا یا بنگلہ دیش میں سے کسی ایک ٹیم کے ساتھ ہوگا۔
بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی اسکواڈ
بی ون کیٹیگری: ظفر اقبال، محمد ادریس سلیم، محمد شاہ زیب، فخر عباس، محمد آصف اور محمد سلمان
بی 2 کیٹیگری: نثار علی (کپتان)، بدر منیر (وائس کپتان)، بابرعلی، نعمت اللہ اور ہارون خان
بی 3 کیٹیگری: محمد صفدر، کامران اختر، اکمل حیات ناصر، طلحہ اقبال اور مطیع اللہ شامل ہیں۔














