بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے ڈی چوک واقعہ کو لال مسجد سے بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے شہباز شریف اور محسن نقوی پر ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کی ہے۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ابھی آخری کارڈ ہے، لیکن ابھی شو نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں بھائی سے ملنے نہیں دے رہے، انہیں ڈر ہے عمران خان کا پیغام عوام کو نہ پہنچا دیں، علیمہ خان
علیمہ خان نے کہاکہ گزشتہ روز ہمیں 6 گھنٹے انتظار کے باوجود عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا، جبکہ آج بھی روکنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، تاہم انہیں ٹی وی کی سہولت میسر نہیں اور اخبار بھی نہیں مل رہا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کو آج اور کل وکلا سے معلومات ملیں، جبکہ ہم نے بھی آج ڈی چوک سانحہ کے حوالے سے آگاہ کیا تو وہ صدمے میں تھے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ وہ شہدا اور گرفتار کارکنوں کا پتا کرایا جارہا ہے، انہوں نے کہاکہ اس واقعے کو مقامی اور عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے مظاہرین پر طاقت کا جو استعمال کیا گیا اس سے عوام میں غم و غصہ مزید بڑھے گا۔
یہ بھی پڑھیں عمران بھائی ہے، کیسے نہ بولوں، اس میں سیاست کی کیا بات ہے، علیمہ خان
علیمہ خان نے بشریٰ بی بی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے 24 نومبر کے احتجاج میں لوگوں کو لیڈ کیا، باقی قیادت کو بھی کنٹینر پر ہونا چاہیے تھا، اصل سوال تو یہ ہے کہ حکومت نے گولی کیوں چلائی۔














