پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن نے کہا کہ ہمارا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطہ ہے اور بات چیت جاری ہے، امید ہے کہ یہ بات چیت آگے بڑھے گی۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ موجودہ حکومت چوری کی حکومت ہے، ان کے پاس ہمیں دینے کو کچھ ہے ہی نہیں، تو اگر مذاکرات کو بامعنی اور بامقصد بنانا ہے تو ان لوگوں سے مذاکرات ہونے چاہییں جن کے پاس طاقت ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے حکومت کے بجائے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات پر اصرار کیا، خواجہ آصف
رؤف حسن نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات لازمی ہونے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ جو ہمارا ان کے ساتھ رابطہ اور بات چیت ہوئی ہے اسے مزید آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بنائی گئی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان ہی اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں۔
عمران خان کی اڈیالہ جیل سے پشاور منتقلی سے متعلق زیر گردش اطلاعات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں رؤف حسن نے بتایا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل سے پشاور منتقل کرنے کی آفر بالکل آئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: انتہائی اقدام پر مجبور نہ کیا جائے، سول نافرمانی تحریک پاکستان تک محدود نہیں ہوگی، پی ٹی آئی
انہوں نے کہا کہ میں اس پر اس کی تفصیل میں جا کر معاملات کو خراب کرنا نہیں چاہتا، بس اتنا ہی کہہ سکتا ہوں کہ بالکل یہ آفر میز پر موجود تھی اور بات یہیں سے آگے بڑھے گی۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں اسد قیصر، عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ، علی امین گنڈاپور اور حامد رضا شامل ہیں۔