لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے پرویز الہی، ان کی اہلیہ اور بیٹے مونس الہیٰ کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے پرویز الہیٰ، ان کی اہلیہ اور بیٹے مونس الہیٰ کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور پر مشتمل الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے اپیلوں کی سماعت کی۔ یرویز الہیٰ فیملی کے وکیل عامر سعید راں نے دلائل دئیے۔ انہوں نے بتایا کہ پرویز الہیٰ، ان کی اہلیہ اور بیٹے مونس الہیٰ نے پی پی 32 گجرات سے حلقے سے 2 ، دو کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
ریٹرننگ افسر کے روبرو ان کے کسی کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں آیا۔ ریٹرننگ افسر نے تینوں کے کاغذات نامزدگی کی درخواستیں منظور کرنے کا زبانی حکم جاری کیا۔ تحریری حکم میں اثاثے اور معلومات چھپانے کے اعتراضات عائد کرکے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے۔
ان کا موقف تھا کہ جن اعتراضات کو بنیاد بنا کر کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ان کی تفصیلات کاغذات نامزدگی کے ہمراہ لف ہیں۔ استدعا ہے کہ ٹربیونل ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیلیں منظور کرے۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پرویز الہیٰ، ان کی اہلیہ اور بیٹے مونس الہیٰ کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔














