عمران خان نے مذاکرات کے لیے مزید وقت دےدیا، سول نافرمانی کی تحریک مؤخر

پیر 16 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے مزید وقت دیتے ہوئے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان مؤخر کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کو ایک ہفتے کا مزید وقت دیتے ہوئے فوری طور پر سول نافرمانی کی تحریک شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پارٹی اختلافات کے باعث عمران خان کا سول نافرمانی کی کال خود دینے کا فیصلہ

ذرائع نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو اپنے مطالبات پورے کرنے کے لیے مزید موقع دیتے ہیں، ہمارے مذاکرات اگر تسلیم نہ کیے گئے تو پھر ہمارے پاس سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہے گا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمو دخان اچکزئی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے سول نافرمانی کی تحریک موخر کرنے کی اپیل کی تھی۔

عمران خان نے محمود خان اچکزئی کی اپیل مانتے ہوئے حکومت کو مذاکرات کے لیے مزید وقت دیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطہ بڑھانے اور اپوزیشن اتحاد پر زور دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو جے یو آئی ف اور پی ٹی آئی کے درمیان دوریوں کی وجوہات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کو بطور وزیراعلیٰ تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنا چاہیے۔

پیر کو اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، اس دوران سابق وزیراعظم عمران خان کی شاہ محمود قریشی اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری سے بھی ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کے ساتھ طویل مشاورت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی پارٹی قیادت کی حکمت عملی سے ناراضی کا اظہار کیا اور سیاسی قیدیوں سے متعلق پارٹی قیادت کی پالیسی کا شکوہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں پارٹی اختلافات کے باعث عمران خان کا سول نافرمانی کی کال خود دینے کا فیصلہ

سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی شاہ محمود قریشی سے اتفاق کیا اور پارٹی کو اپوزیشن اتحاد کی طرف بڑھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp